حسن علی کو نکاح کیلئے کرکٹ کیمپ سے چھٹی مل گئی

پیسر20 اگست کو دبئی میں بھارتی دوشیزہ کیساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو رہے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 17 اگست 2019 15:28

حسن علی کو نکاح کیلئے کرکٹ کیمپ سے چھٹی مل گئی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17 اگست 2019ء) قومی ٹیم کے آل راﺅنڈر حسن علی کو نکاح کے باعث کرکٹ کیمپ سے چھٹی کی اجازت مل گئی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے 19 اگست سے پری سیزن کیمپ کا اعلان کر رکھا ہے لیکن کرکٹر حسن علی کا دبئی میں 20 اگست کو نکاح طے ہے۔حسن علی نے نکاح کے باعث پری سیزن کیمپ میں شرکت سے چھٹی کی درخواست دی تھی جسے منظور کر لیا گیا ہے۔

کرکٹر حسن علی کو نکاح کی تقریب کے لیے کیمپ سے7 روز کی چھٹی ملی گئی اور حسن علی 26 اگست کو پری سیزن کیمپ جوائن کریں گے۔پری سیزن کیمپ کے پہلے 2 روز فٹنس ٹیسٹ کے لیے مخصوص ہیں تاہم حسن علی کیمپ جوائن کرنے کے بعد فٹنس ٹیسٹ دیں گے۔یاد رہے کہ حسن علی دبئی میں 20 اگست کو سامعیہ سے نکاح کرنے جارہے ہیں اور اس حوالے سے تقریب میں صرف اہل خانہ کے قریبی لوگ ہی شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

نوجوان فاسٹ باﺅلر نے گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کی دلہن کی رخصتی دو یا تین مہینے بعد ہوگی جبکہ ولیمہ پاکستان میں ہوگا۔چیمپئنز ٹرافی کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جیتنے والے فاسٹ باﺅلر نے بتایا کہ ہم دونوں ایک سال پہلے دبئی میں ملے تھے جس کے بعد بات چیت کا سلسلہ شروع ہوا،میں نے اپنی فیملی سے بات کی جسکے بعد میرے بھائی اور بھابھی ان سے ملے، میں نے اپنے بھائی سے کہا کہ میں سامعیہ سے شادی کرنا چاہتا ہوں جس پر انہوں نے کہا کہ ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے، میں نے اس بارے میں سب سے پہلے اپنے بھائی کو بتایا اور میری زندگی کے سارے اہم فیصلے میرے بھائی عطاالرحمن لیتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شادی میں وہ پاکستانی سٹائل کی کالی اور لال شیروانی پہنیں گے جبکہ انکی دلہن روایتی انڈین ڈریس پہنیں گی۔حسن علی نے انکشاف کیا کہ سامعیہ سے محبت کا اظہار انہوں نے کیا تھا اور انہیں پاکستان میں ان جیسی کوئی لڑکی پسند نہیں آئی۔