ْسیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان کے نئے چیئرمین عامر خان نے عہدے کا چارج سنبھال لیا

ہفتہ 17 اگست 2019 15:53

ْسیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان کے نئے چیئرمین عامر خان نے عہدے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2019ء) سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے نئے چیئرمین عامر خان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے، ان کی تعیناتی کی منظوری وفاقی کابینہ نے اپنے گزشتہ اجلاس میں دی جس کا نوٹیفکیشن جمعہ کو جاری کیا گیا۔موجودہ حکومت کی جانب سے عامر خان کو نومبر 2018ء میں ایس ای سی پی میں کمشنر تعینات کیا گیا تھا،عامر خان نے چئیرمین کے عہدے پر تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے بعد نئے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔

عامر خان اپنی نئی تعیناتی سے قبل ایس ای سی پی میں کمپنی لاء ڈویژن (کارپوریٹ سپرویژن)، سپیشلائزڈ کمپنیز ڈویژن اور انفارمیشن سسٹم اینڈ ٹیکنالوجی کے امور کے نگران کمشنر کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے، وہ کارپوریٹ بینکنگ، مالیاتی مصنوعات، کیپیٹل مارکیٹ اور ریگولیٹری اصلاحات کے شعبے میں 30 سال سے زائد عرصے کا تجربہ رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

کمشنر بننے سے پہلے عامر خان ایس ای سی پی میں ہی2012ء سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدے پر فرائض انجام دیتے رہے ہیں، اس دوران وہ ایس ای سی پی کے اہم آپریشنل محکموں سپیشلائزڈ کمپنیز ڈویژن، سیکورٹیز مارکیٹ سرویلنس ڈیپارٹمنٹ، کموڈیٹیز مارکیٹ ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ بین الاقوامی تعلقات کے سربراہ رہے، وہ ایس ای سی پی کے چیف ترجمان کے فرائض بھی انجام دیتے رہے۔

ایس ای سی پی میں اپنی ملازمت کے دوران عامر خان نے پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج میں مرابحہ کو متعارف کروانے، جدید ویئر ہائوسز کی الیکٹرانک رسیدوں کے ذریعے اجناس کی ٹریڈنگ کے ریگولیٹری فریم ورک کی تشکیل، مائیکرو فنانس کمپنیوں کو ایس ای سی پی کے دائرہ کار میں شامل کرنے اور پاکستان میں کاروباری آسانیاں فراہم کرنے کے حوالے سے اصلاحات متعارف کروانے میں اہم کردار ادا کیا۔

بطور کمشنر انہوں نے ایس ای سی پی کے ریگولیٹری امور کو ڈیجیٹلائز کرنے، کارپوریٹ قوانین کو آسان بنانے اور ریگولیٹری فیسوں میں کمی کے ذریعے کاروباری اخراجات کو کم کرنے سے متعلق اصلاحات کے لئے بھی کام کیا۔ عامر خان پاکستان میں شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کے لئے اصلاحات اور کاروباری اور سرمایہ کاری کے ماحول کو فروغ دینے کا بھر پور عزم رکھتے ہیں۔ عامر خان سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک، رائل بینک آف کینیڈا اور امریکن ایکسپریس بینک میں بھی کام کر چکے ہیں،وہ ایک شیونگ سکالر ہیں اور پاکستان سے ماسٹرز آف بزنس ایڈمنسٹریشن اور برطانیہ سے انٹرنیشنل بنکنگ میں ایم ایس ای کی ڈگری رکھتے ہیں۔