پاکستان اکیڈمی آف سائنسز اور ایشین ایسوسی ایشن آف اکیڈمیز اینڈ سائنسز کے اشتراک سے 19 اگست سے تین روزہ ورکشاپ شروع ہوگی

ہفتہ 17 اگست 2019 16:11

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2019ء) پاکستان اکیڈمی آف سائنسز اور ایشین ایسوسی ایشن آف اکیڈمیز اینڈ سائنسز کے اشتراک سے 19 اگست سے 21 اگست کو پاکستان اکیڈمی آف سائنسز کے آڈیٹوریم میں تین روزہ علاقائی ورکشاپ کا انعقاد ہو رہا ہے۔ ورکشاپ کے افتتاحی سیشن میں پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمان خطاب کریں گے جبکہ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل مہمان خصوصی ہوں گی۔

ورکشاپ کے اختتامی سیشن میں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ انڈونیشیا، کوریا، ملائیشیا، نیپال، سری لنکا، تاجکستان اور ویتنام سمیت 7 ایشیائی اور وسط ایشیائی ممالک کے ماہرین اور سائنسدان شرکت کریں گے۔ ورکشاپ کے آرگنائزر پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خانشنواری نے پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ورکشاپ میں 50 سے زائد مقامی ماہرین شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

یہ ورکشاپ نباتاتی صنعت سے منسلک افراد کے لئے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے حوالے سے ایک بہترین موقع ہوگا اور یہ نئے سائنسدانوں کے لئے بھی باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کے لئے بہترین موقع ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حیاتیاتی سائنس خاص طور پر بائیو ٹیکنالوجی کے میدان میں ہونے والی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ 21 ویں صدی حیاتیاتی سائنس کی صدی ہے۔

ورکشاپ میں سیفٹی، افادیت اور ادویات پودوں سے روزگار کے مواقع سمیت کئی موضوعات پر تحقیقی مقالہ جات پیش کئے جائیں گے اور ان موضوعات پر تبادلہ خیال ہوگا۔ ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم قومی سطح پر تحقیق کے میدان میں اپنی مدد آپ کے تحت بہت کچھ کرسکتے ہیں۔ ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد قدرتی جڑی بوٹیوں کی صورت میں موجود قومی دولت کو متعارف کرانا ہے، یہ پاکستان کو علمی معیشت بنانے کا بہترین موقع ہے۔