بھارت سیلابی پانی کی بروقت اطلاع نہیں دے رہا‘ انڈس واٹر کمشنر

ہفتہ 17 اگست 2019 16:46

بھارت سیلابی پانی کی بروقت اطلاع نہیں دے رہا‘ انڈس واٹر کمشنر
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2019ء) کشمیر پر عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کے بعد بھارت نے سندھ طاس معاہدہ کی بھی کھلی خلاف ورزی شروع کر تے ہوئے وولر بیراج لوئر کلنائی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور کشن گنگا ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی نہ صرف معائنے کی اجازت نہیں دے رہے بلکہ سیلابی پانی کی اطلاعات بھی بروقت فراہم نہیں کی جارہی۔

انڈس واٹر کمشنر سید مہر علی شاہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کھلم کھلا سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان متنازعہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ جن میں کشن گنگا لوئر کلنائی ہائیڈرو پاور اور وولر پاور پراجیکٹ کی انسپکشن کے لیے بھارت کو کئی بار تحریری طور پر اور انڈس واٹر کمشنر کی ایک درجن سے زائد میٹنگ میں بھی درخواست کر چکے ہیں اور یہ سلسلہ 2014 سے شروع ہے۔

بھارت کبھی سکیورٹی کا ایشو تو کبھی انتخابات کا بہانہ بنا کر تاخیر ی ہربے استعمال کر رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ یکم جولائی سے دس اکتوبر تک سیلابی پانی کی اطلاعات دینے کا پابند ہے مگر بھارت اس کی بھی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈیٹا فراہم نہیں کر رہا ۔ اس سلسلے میں وفاقی حکومت اور وزارت خارجہ کو مکمل آگاہ کر دیا گیا ہے۔