چولستان میں ٹڈی دل کے حملے کے بعد صورتحال قابو میں ہے‘ پی ڈی ایم اے

سرویلنس ٹیموں کو متحرک رکھا جائے ، سکاوٹنگ کیلئے مقامی افراد کو موبلائز کیا جائے‘چیف سیکرٹری سیلاب سے متعلق پیشگی معلومات کے حصول کیلئے وفاقی اداروں سے رابطہ کار بڑھانے کی ہدایت

ہفتہ 17 اگست 2019 16:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2019ء) چولستان میں ٹڈی دل کے حملے کے بعد صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور اب تک چھ ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر سپرے کیاجا چکا ہے۔یہ بات چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کے دوران بتائی گئی۔ اجلاس میں چولستان میں ٹڈی دل کی صورتحال اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ صورتحال قابو میں ہونے کے باوجود مسلسل مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے کیونکہ اکتوبر تک ٹڈی دل کا خطرہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرویلنس ٹیموں کو متحرک رکھا جائے اور پیسٹ سکاوٹنگ کیلئے مقامی افراد کی مدد لی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے تمام متعلقہ صوبائی محکمے الرٹ رہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے دریا وں کے بہائواور موسم کی صورتحال سے متعلق پیشگی معلومات کے حصول کیلئے وفاقی اداروں سے رابطہ کار بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم ای)راجہ خرم شہزاد نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ چولستان میں ٹڈی دل کے حملے کو وسیع پیمانے پر سپرے کے ذریعے نا کام بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر ہوائی جہاز جبکہ پانچ ہزار ایکڑ پر گاڑیوں اور اونٹوں کے ذریعے سپرے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں ٹڈی دل پر قابو پا لیا گیا ہے لیکن سندھ میں آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے سرحدی علاقوں سے ٹڈی دل کے حملے کا خطرہ موجود ہے اس لئے ان علاقوں میںمانیٹرنگ کیلئے خصوصی سرویلنس ٹیمیں مقرر کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عملہ کی ٹریننگ کیلئے تربیتی ورکشاپس کاانعقادبھی کیا جارہاہے۔