Live Updates

تحریک انصاف کی حکومت کے ایک سال کے دوران عوامی مفاد، عوام کو فوری و سستے انصاف کی فراہمی اور پسماندہ طبقوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے وزارت قانون و انصاف کا اہم قانون سازی میں نمایاں کردار رہا

وزارت نے 68 سرکاری اور 186 پرائیویٹ ممبرز کے بلوں کی تیاری میں معاونت، 260 بین الاقوامی معاہدوں/مفاہمت کی یاداشتوں، 55 ٹھیکوں اور قرضوں کے 41 معاہدوں کو موثر بنانے سے متعلق قانونی رائے دی مستقبل میں بھی عوام کو فوری اور سستا انصاف فراہم کرنے کیلئے اقدامات جاری رہیں گے، وزیر قانون وانصاف بیرسٹر فروغ نسیم

ہفتہ 17 اگست 2019 16:48

تحریک انصاف کی حکومت کے ایک سال کے دوران عوامی مفاد، عوام کو فوری و ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2019ء) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے ایک سال کے دوران عوامی مفاد، عوام کو فوری و سستے انصاف کی فراہمی، پسماندہ طبقوں بالخصوص خواتین اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے وزارت قانون و انصاف نے اہم قانون سازی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، وزارت نے 68 سرکاری اور 186 پرائیویٹ ممبرز کے بلوں کی تیاری میں معاونت، 260 بین الاقوامی معاہدوں/مفاہمت کی یاداشتوں، 55 ٹھیکوں اور قرضوں کے 41 معاہدوں کو موثر بنانے سے متعلق قانونی رائے دی۔

’’اے پی پی‘‘ کو دستیاب دستاویزات کے مطابق وزارت قانون و انصاف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے گذشتہ ایک سال کے دوران ضمنی مالی ترمیمی قانون 2018ء، مغربی پاکستان جینوئیل سموکنگ (ری پیل) ایکٹ 2018ء، پاکستان میں سینما ہائوسز میں سگریٹ نوشی کے امتناع (ری پیل) ایکٹ2019ء، انتخابی ترمیمی بل2019ء، ضمنی مالیاتی دوسرا ترمیمی قانون 2019ء، انتخابات (دوسرا ترمیمی) قانون2019ء، مالیاتی بل 2019ء کی قانون سازی میں اہم کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

اس عرصہ کے دوران صدر پاکستان کی جانب سے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل آرڈیننس2019ء، اثاثے ظاہر کرنے کا آرڈیننس2019ء، اثاثے ظاہر کرنے کا ترمیمی آرڈیننس 2019ء، نیا پاکستان ہائوسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس 2019ء، پاکستان پینل کوڈ ترمیمی آرڈیننس2019ء، نیشنل کائونٹر ٹیرر ازم اتھارٹی ترمیمی آرڈیننس 2019ء، فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز اتھارٹی ترمیمی آرڈیننس 2019ء اور ریکوری آف مارٹیجیڈ سیکورٹی آرڈیننس 2019ء جاری کئے گئے۔

دستاویزات کے مطابق 100 سال پرانے قوانین سمیت حالیہ قوانین وزارت قانون و انصاف کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ دستاویزات کے مطابق مختلف خصوصی عدالتوں/ٹربیونلز میں پریذائیڈنگ افسران کی متعدد آسامیاں کافی عرصہ سے خالی تھیں جس کے باعث مقدمات التواء کا شکار تھے اور ان کی تعداد میں اضافہ ہورہا تھا، عوام کو بروقت انصاف کی فراہمی کیلئے گذشتہ ایک سال کے دوران پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ججز اور ٹربیونل ممبرز تعینات کئے ہیں جبکہ مزید خصوصی عدالتوں/ٹربیونلز کے قیام پر کام جاری ہے۔

وزارت قانون و انصاف نے وفاقی حکومت کے مختلف اداروں کو قواعد وضوابط کی تشکیل اور ان پر عمل درآمد کے حوالے سے قانونی معاونت فراہم کی ہے جن میں 68 سرکاری اور 186 پرائیویٹ ممبرز کے بلوں کی تیاری میں معاونت،260 بین الاقوامی معاہدوں/مفاہمت کی یاداشتوں، 55 ٹھیکوں اور41 قرضوں کے معاہدوں کو موثر بنانے سے متعلق قانونی رائے شامل ہے۔ وزارت کو مختلف سرکاری اداروں کی جانب سے قانونی رائے کیلئے کیسز بھیجے گئے جن کو قانونی رائے دے کر نمٹا دیا گیا۔

وزیر قانون وانصاف بیرسٹر فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ حکومت نے عوامی مفاد میں قانون سازی کی ہے اور مستقبل میں بھی عوام کو فوری اور سستا انصاف فراہم کرنے کیلئے اقدامات جاری رہیں گے۔ پارلیمانی سیکریٹری برائے قانون و انصاف ملیکہ بخاری نے کہا کہ حکومت نے ملک کے پسماندہ طبقوں بالخصوص خواتین اوربچوں کیلئے قانون سازی پر بھرپور توجہ مرکوز کی ہے۔ خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے اور انہیں وراثت میں حق دلانے کیلئے قانون سازی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے قانون سازی کے ساتھ ساتھ پرانے قوانین پر عملدرآمد بھی یقینی بنایا ہے اورعوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات