پین کے زیر اہتمام ٹیچرز پروفیشنل ڈویلپمنٹ کے تحت بہارہ کہو کے سرکاری سکولوں کے اساتذہ کی دو روزہ تربیتی نشست اختتام پذیر ہو گئی

ہفتہ 17 اگست 2019 17:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2019ء) غیر سرکاری تنظیم پروگریسیو ایجوکیشن نیٹ ورک (پین) کے زیر اہتمام ٹیچرز پروفیشنل ڈویلپمنٹ (ٹی پی ڈی پی) کے تحت بہارہ کہو کے 12 سرکاری سکولوں کے 30 اساتذہ کی دو روزہ تربیتی نشست اختتام پذیر ہو گئی۔ پین نے پروگرام کے تحت بہارہ کہو اسلام آباد کے 12 سکولوں کے اساتذہ کی ذمہ داری سنبھالی ہے۔

دو روزہ تربیتی نشست کو تعلیمی گوشوں اور کمرہ جماعت کے انصرام کی جدید صلاحیتوںکے فروغ کی طرز پر مرتب کیا گیا تھا۔ تعلیمی گوشوں کے فروغ کے طریقہ کار میں وضاحت کی گئی ہے کہ تعلیمی گوشے تدریسی عمل میں ایک جدید طرز عمل ہے جس کے ذریعے ہر بچے کی اپنی فطری طور پر تخلیقی اور خودمختار سیکھنے کی صلاحیتوں پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

جدید تدریسی فلسفہ چھوٹی الماریوں، بنیادی علوم سیکھنے کے شعبہ اوربچوں کے لئے علمی و عملی سیکھنے کی جگہوں سے بہتر انداز میں مزین کمرہ جماعت کا متقاضی ہے۔

ماہر تربیت کار نور عین نے تعلیم کی بنیاد پر باہمی روابط اور سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ تربیت کار نے دونوں عوامل پر سیر حاصل گفتگو کی اورتربیت فراہم کی انہوں نے تربیت حاصل کرنے والی اساتذہ کے سوالات کے جواب بھی دیئے۔ دو روزہ اس تربیتی نشست میں کے جی کلاس سے اول اور دوئم کلاس کی 30 اساتذہ نے حصہ لیا۔ اس موقع پر غیر سرکاری تنظیم پروگریسیو ایجوکیشن نیت ورک کے چیف ایگزیکٹو افسر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے بھی تربیتی نشست کی شرکاء اساتذہ سے خطاب کیا اور انہیں اپنی تنظیم کا تعارف اور تربیت کے مقاصد سے آگاہ کیا اور اسناد تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :