آصف علی زرداری کی گرفتاری افسوسناک ہے، سید مراد علی شاہ

فیصل واوڈا اگر کہہ رہا ہے کہ 600 لوگ لٹکائے جائیں گے تو مجھے واوڈا خود کہیں نظر نہیں آرہے ہیں،وزیراعلیٰ سندھ پی ٹی آئی حکومت مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے ، بین الاقوامی حالات سے بے خبر حکومت سیاسی قیادت کے پیچھے پڑی ہے،میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 17 اگست 2019 17:18

آصف علی زرداری کی گرفتاری افسوسناک ہے، سید مراد علی شاہ
جامشورو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2019ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کہ آصف علی زرداری کی گرفتاری افسوسناک ہے۔ ہماری پارٹی متحد ہے ، کوئی ایم پی اے کہیں نہیں جارہا ۔فیصل واوڈا اگر کہہ رہا ہے کہ 600 لوگ لٹکائے جائیں گے تو مجھے واوڈا خود کہیں نظر نہیں آرہے ہیں۔وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی پیپلز پارٹی کے رہنما رکن ملک اسد کی والدہ کی تعزیت کے لیے ان کے گھر پہنچے ،انہوں نے کہا کہ ملک سکندر مرحوم میرے والد کے دوست تھے،ہمارے خاندانی مراسم ہیں۔

سید مراد علی شاہ نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا ہے کہ زرداری صاحب نے نیب کے ساتھ مکمل تعاون کیا، ہر حاضری پر پیش ہوئے، اس کے باوجود ان کی گرفتاری افسوسناک ہے، اس سے حزبِ اختلاف جماعتوں کی تحریک پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس طرح سے انتشار بڑے گا، ہماری پارٹی متحد ہے ، کوئی ایم پی اے کہیں نہیں جارہا ، ہماری پارٹی کے لیڈرز پراگرکوئی دبائو ڈال رہا ہے تو ہم اس کا سامنا کرلیں گے۔

سید مراد علی شاہ نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے ، بین الاقوامی حالات سے بے خبر حکومت سیاسی قیادت کے پیچھے پڑی ہے۔سید مراد علی شاہ نے فیصل واوڈا کے ایک بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ فیصل واوڈا اگر کہہ رہا ہے کہ 600 لوگ لٹکائے جائیں گے تو مجھے واوڈا خود کہیں نظر نہیں آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وزیر بیان دے دیتے ہیں تاکہ لوگوں کی توجہ اصل مسائل سے ہٹ جائے، ا صل مسئلہ مہنگائی کا طوفان ہے اور پی ٹی آئی عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے ایسے بیانات دیتے ہیں۔