Live Updates

وزیراعظم عمران خان کے یار غار جن کے پٹرول پمپ پر بیٹھ کر انہوں نے پی ٹی آئی کی بنیاد رکھی

میانوالی کی معروف شخصیت میاں طارق کی اُردو پوائنٹ سے خصوصی گفتگو

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 17 اگست 2019 17:23

وزیراعظم عمران خان کے یار غار جن کے پٹرول پمپ پر بیٹھ کر انہوں نے پی ..
میانوالی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 اگست 2019ء) : وزیراعظم عمران خان نے عام انتخابات 2018ء میں پانچ نشستیں جیتی تھی جس میں سے انہوں نے میانوالی کی نشست این اے 95 رکھنے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ لاہور، اسلام آباد، بنوں اور کراچی کی نشستیں چھوڑ دی تھیں۔ وزیراعظم عمران خان کی میانوالی سے ایک خاص اُنسیت ہے اور اُس کی وجہ یہ ہے کہ وہاں اُن کے یار غار میاں طارق رہتے ہیں جن کے پٹرول پمپ پر عمران خان نے اپنی جماعت پاکستان تحریک انصاف کی بنیاد رکھی تھی۔

اُردو پوائنٹ سے خصوصی گفتگو میں وزیراعظم عمران خان کے یار غار اور میانوالی کی معروف شخصیت میاں طارق نے بتایا کہ میں 1996ء سے عمران خان کے ساتھ ہوں اور میں ایک بات کہنا چاہتا ہوں کہ عمران خان بالکل بھی احسان فراموش نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

نہ وہ مجھے بھولے ہیں نہ ہی میں اُن کو آج تک بھولا ہوں۔ انہوں نے میرے علاقہ میں نمل کالج دیا۔ عمران خان کو بھی میری یہی بات پسند ہے کہ میں جھوٹا نہیں ہوں۔

مجھے اُن میں جو خوبی نظر آتی ہے وہ یہ ہے کہ انہوں نے آج تک کسی کے ساتھ نہ جھوٹ بولا نہ کسی کے ساتھ فریب کیا۔ ہم نے انہیں کالج کے لیے زمین دی تھی۔ اس کالج میں آج غریب بچے پڑھ رہے ہیں۔ نمل کالج بنانے پر ہم عمران خان کا احسان کبھی نہیں بھول سکتے۔ میاں طارق نے کہا کہ عمران خان کا پہلے دن سے یہی نعرہ تھا کہ انشاء اللہ ہماری حکومت آئے گی اور میں وزیراعظم بنوں گا۔

بائیس سال کی محنت کے بعد وہ وزیراعظم بن گئے جس پر مجھے اور پورے میانوالی کو فخر ہے۔ ہم نے وہ وقت بھی دیکھا ہے کہ جب ہم یہاں جلسے کرواتے تھے تو بیس لوگ بھی نہیں ہوتے تھے اور آج جب ہم اُن کے جلسوں میں لوگ دیکھتے ہیں تو اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ میاں طارق کا کہنا تھا کہ لوگ کہتے ہیں کہ عمران خان مغرور ہیں لیکن وہ سیدھے سادے انسان ہیں۔

وہ جب میرے پاس آتے تھے تو دال کھاتے تھے ، میں خود ان کو اپنے گھر سے دال بنواتے تھے۔اکثر وہ دیسی مرغی بھی کھاتے تھے۔ اُس ہوٹل سے ہم بھی کھانا نہیں کھاتے تھے جہاں سے خان صاحب کھاتے تھے۔ عمران خان ورکر سے بھی پیار کرتے ہیں ، سب ورکرز کو سینے سے لگاتے ہیں اور اسی لیے ورکرز بھی ان پر جان نچھاور کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی میانوالی میں وہی کلین سویپ کریں گے۔

میاں طارق نے کہا کہ پچھلے ہفتے مجھے پتہ چلا کہ عمران خان نے شیلٹر ہومز میں اپنے خرچے سے آم بھجوائے، اس پر کم از کم دو سے تین لاکھ روپے خرچ آیا ہو گا۔ اُن میں انسانیت کُوٹ کُوٹ کر بھری ہوئی ہے۔ وزیراعظم بننے کے بعد بھی وہ مجھ سے ملتے ہیں۔ سکیورٹی والوں نے ایک مرتبہ مجھے جانے نہیں دیا خان صاحب نے دور سے دیکھ کر ہی سکیورٹی کو ہدایت کی کہ اسے آنے دو۔

میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ ان کے دونوں بیٹے بھی میرے پٹرول پمپ پر آ چکے ہیں۔ میاں طارق نے بتایا کہ عمران خان اپنی ورزش اور کھانے پینے پر دھیان دیتے ہیں اور دنیا ادھر کی اُدھر ہو جائے وہ کبھی اپنی ورزش کی روٹین تبدیل نہیں کرتے۔پہلے وہ شکار کا شوق رکھتے تھے لیکن آج کل وہ ملک کے غداروں اور چوروں کا شکار کر رہے ہیں۔ میری ، پورے میانوالی اور پاکستان کی خواہش تھی کہ عمران خان وزیراعظم بن جائیں ، اللہ کا شکر ہے کہ ہماری یہ خواہش پوری ہو گئی تھی۔ میاں طارق کی اُردو پوائنٹ کے نمائندہ فرخ شہباز وڑائچ کے ساتھ خصوصی گفتگو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات