ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ ڈالرز کا قرضہ ملنے کے بعد کرنسی مارکیٹ میں روپے کی قیمت میں اضافہ

کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹر بینک میں امریکی کرنسی کی قیمت 29 جبکہ اوپن مارکیٹ میں 20 پیسے سستی ہوگئی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 17 اگست 2019 19:30

ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ ڈالرز کا قرضہ ملنے کے بعد کرنسی مارکیٹ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اگست2019ء) ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ ڈالرز کا قرضہ ملنے کے بعد کرنسی مارکیٹ میں روپے کی قیمت میں اضافہ، کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹر بینک میں امریکی کرنسی کی قیمت 29 جبکہ اوپن مارکیٹ میں 20 پیسے سستی ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز ڈالر کی قیمت میں کمی دیکھنے میں آئی۔ آج کاروباری ہفتے کے دوسرے اور آخری روز امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی دیکھی گئی۔

مارکیٹ ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر 29 پیسے گر گئی جس کے بعد مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر 158 روپے 66 پیسے کی پر بند ہوا۔ جبکہ انٹر بینک کی طرح اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں گراوٹ دیکھی گئی، امریکی کرنسی کی قیمت میں 20 پیسے تنزلی دیکھی گئی جس کے بعد ڈالر 159 روپے 20 پیسے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جناب پاکستان کو ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ ڈالر کی رقم موصول ہو گئی جس کے بعد مجموعی ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 15 ارب 57 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئے۔

رواں ہفتے مرکزی بینک کے ذخائر بڑھ کر 8 ارب 26 کروڑ ہو گئے ہیں جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس 7 ارب 31 کروڑ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں۔ایک ہفتے کے دوران مرکزی بینک کے ذخائر میں مجموعی طور پر 53 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔واضح رہے کہ 7 اگست کو ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں برآمدات کے فروغ اور تجارتی فضا بہتر بنانے کے لئے 50 کروڑ ڈالر کے قرضے کی منطوری دی تھی۔اے ڈی پی نے اپنے اعلامیے میں کہا تھا کہ قرض کے ذریعے کاروبار آسان بنانے اور برآمدات بڑھانے کے لیے مدد فراہم کی گئی ہے، اس کے ذریعے پاکستان کا تجارتی خسارہ کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔