وفاقی وزیرعلی زیدی نے سرعام مہاجروں اور کراچی کے لوگوںکو گالیاں دی ہیں،ڈاکٹر فاروق ستار

انھوں نے مجھ پر لندن پیسے بھیجنے کے حوالے سے جو الزامات لگائے ہیں میں انھیں قانونی نوٹس بھیجوں گا،سربراہ ایم کیو ایم بحالی کمیٹی وفاقی کابینہ میں ایم کیو ایم کے وہ لوگ شامل ہیں جن پر منی لانڈرنگ کے حوالے سے مقدمات درج ہیں ،پریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 17 اگست 2019 19:40

وفاقی وزیرعلی زیدی نے سرعام مہاجروں اور کراچی کے لوگوںکو گالیاں دی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2019ء) تنظیم ایم کیو یم پاکستان بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر علی زیدی نے سرعام مہاجروں اور کراچی کے لوگوںکو گالیاں دی ہیںغنڈہ گردی اور بدمعاشی کی تمام حدوں کو پارکر دیا ہے،انھوں نے مجھ پر لندن پیسے بھیجنے کے حوالے سے جو الزامات لگائے ہیں میں انھیں قانونی نوٹس بھیجوں گا وہ منی لانڈرنگ کے حوالے سے الزامات کو عدالت میں ثابت کریں ،وفاقی کابینہ میں ایم کیو ایم کے وہ لوگ شامل ہیں جن پر منی لانڈرنگ کے حوالے سے مقدمات درج ہیں اس پر یا تو خود علی زیدی مستعفی ہوں یا ایم کیو ایم کے کابینہ میں شامل وزراسے استعفے لئے جائیں،کراچی کی صفائی مہم کے نام پر بلدیاتی الیکشن کے لئے کراچی کے عوام کو بیوقوف بناکر چند ہ جمع کیا جارہا ہے اور علی زیدی خود میئر کراچی بننے کے امیدوار ہیں ، میں نیب سے مطالبہ کرتا ہوں کہ کراچی مہم کے نام پر چند ہ جمع کرنے کے حوالے سے نظر رکھے میںوزیر اعظم اور اداروں سے بھی کہتا ہوں کہ وہ علی زیدی کے رویہ کا نوٹس لیں نہیں تو دوسری صورت میں مجھے اپنے کارکنوں کو سنبھالنا مشکل ہوجائے گا،۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں ہفتہ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ کامران ٹیسوری، ڈاکٹر نگہت،کامران اختر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ علی زیدی نے جسطرح سے سرعام مہاجروں کو گالیاں سرعام بدتمیزی کی تمام حدوں کو پار کردیا اور مسلسل سوشل میڈیا پر مہاجروں اور کراچی والوں کو اپنے سپورٹرز کے ذریعے سے گالیاں دلوا رہے ہیں میں ان کے نام کے ساتھ وفاقی وزیر لگانا بھی اس عہدے کی توھین سمجھتا ہوںوہ کو نسلر بھی نہیں بن سکتے تھے انھیںاللہ اور اس کے بندوں نے نوازا ہے وہ اس عہدے کی قدر کریں،غرور اور تکبر سے ان کا دماغ خراب ہوگیا ہے وہ کچرا صاف کرنے کی مہم چلارہے ہیں لیکن ان کے دماغ میں خود کچرا بھرا ہوا ہے۔

وہ کراچی کے عوام سے معافی مانگیں،انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو بھی چند لوگوں نے بدنام کیا تھا اس رویئے کی وجہ سے ایم کیو ایم بدنام تھی لیکن کراچی کے عوام نے ایم کیو ایم کو 35سال تک برداشت کیا تھا علی زیدی اور ان کے ساتھیوں کو پانچ سال سے پہلے ہی فارغ کردیں گے۔انھوں نے کہا کہ میں علی زیدی کے رویئے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہوںانھیں باور کرانا چاہتا ہوں کہ کراچی والے خود ایسے غنڈوں اور بدمعاشوں کے لئے کافی ہیں انھیں کسی اور کی ضرورت نہیں،ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ علی زیدی کو وفاقی وزیر کی حیثیت سے یہ کس نے حق دیدیا کہ کراچی پورٹ کی سیکیوریٹی کو اپنے لئے استعمال کریں اور پورٹ کے اہلکا روں کے ساتھ لیکر کامران ٹیسوری کے گھر کے باہر بدمعاشی کریںاگر کامران ٹیسوری نے قانون کی کوئی خلاف ورزی کی تھی تو ڈیفنس ہاسنگ ایتھاریٹی اور متعلقہ اداروں سے شکا یت کرتے ، وہ کامران ٹیسوری کے گھر کے باہر سرعام ماں بہنوں کی گالیاں دے رہے تھے۔

انھوں نے کہا کہ مہنگائی ، اسٹریٹ کرائم، اور دیگر نا انصافیوں سے کراچی کے شہری پہلے ہی زندہ درگور ہیں وہ ایسے میں وفاقی وزراکی بدمعاشی کو برداشت نہیں کریں گے۔ اگر علی زیدی کو کراچی کے لوگوں کا کوئی احساس ہوتا تو وہ کے پی ٹی میں کراچی کے بے روزگاروں کو لگاتے،کراچی کے لئے کسی ترقیاتی پیکیج کا اعلان کرواتے۔ وزیر اعظم نے کراچی شہر کے لئے 162ارب کے پیکیج کا اعلان کیا تھا وہ بھی نہیں مل سکا وفاقی حکومت کراچی شہر کے لئے کسی بڑے پیکیج کا اعلان کرتی علی زیدی کراچی شہر کے اداروں اور مخیر حصرات سے چندہ جمع کرتے پھر رہے ہیں،ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کو اصل میں ختم کرنے کا پروگرام تھا جسے بہادرآباد والے بھی نہیں سمجھ سکے ۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ علی زیدی نے جو بدمعاشی کی وہ سب کراچی کے عوام کے سامنے ہے۔اور کسطرح سے عید الضحی کے موقع پر کراچی شہر میں دندناتے پھر رہے تھے یہ سب کراچی کے شہریوں نے دیکھا ہے میں تو ان سے یہ سوال کرتا رہوں گا کہ وفاقی حکومت نے کراچی شہر کے کتنی گرانٹ دی وہ کراچی میں صفائی مہم کے لئے کتنی مشینیں لیکر آئے، کراچی کے نوجوانوں کے لئے وفاقی حکومت نے کیا کیادراصل علی زیدی کراچی کا میئر بننے کے خواب دیکھ رہے ہیں لیکن کراچی کے عوام ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

انھوں نے کہا کہ کراچی کے ہی مخیر حصرات اور اداروں سے چندہ لیکر تو کوئی بھی صفائی مہم چلا سکتا تھا۔انھوں نے کہا کہ جو الزامات علی زیدی نے مجھ پر لگائے ہیں میں علی زیدی کو قانونی نوٹس بھیج رہا ہوں وہ عدالت میں آکر ان الزامات کو ثابت کریں۔