گورنر سندھ عمران اسماعیل کا ملک اسد سکندر کی والدہ کے انتقال پر اظہارافسوس

پچاس سال کے بعد اقوام متحدہ میں کشمیر کے مسئلے پر اجلاس کا منعقد ہونا سفارتی کامیابی ہے، گورنر سندھ کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 17 اگست 2019 19:44

گورنر سندھ عمران اسماعیل کا ملک اسد سکندر کی والدہ کے انتقال پر اظہارافسوس
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2019ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل کی تھانہ احمد خان آمد، ملک اسد سکندر کی والدہ کے انتقال پر سوگوار خاندان سے تعزیت و افسوس کا اظہار کیا جبکہ مرحومہ کے ایثال ثواب کے لئے دعائے مغفرت بھی کی۔ ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ انتہائی گھمبیر ہوگیا ہے۔

پچاس سال کے بعد اقوام متحدہ میں کشمیر کے مسئلے پر اجلاس کا منعقد ہونا سفارتی کامیابی ہے۔ میڈیا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے بھارتی حکومت کو وارننگ بھی دی ہے کہ وہ کسی بھی ایسی حرکت سے باز رہے جس سے ہمارے کشمیری بھائیوں ، بہنوں اور بچوں کو تکلیف پہنچے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں فوری طور پر کرفیو کو ختم کیا جائے ، مسئلے کے حل تک پاکستان دنیا کے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کی بھرپور کوشش کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور پاکستان کی عوام کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پاکستان کشمیری بہنوں ، بھائیوں اور بچوں کو اکیلا نہیں چھوڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام جماعتیں کشمیر کے مسئلے پر ایک پیج پر ہیں۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ باالخصوص کراچی شہر میں وفاق سے متعلق مسائل کو حل کرنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام صوبوں سمیت وفاقی بجٹ میں بھی میں کمی گئی ہے۔