فلورملزکیلئے گندم کی فی من قیمت میں75 روپے کا اضافہ

حکومت فلورملزکو ایک ہزار375 روپے فی من کے حساب سے گندم فروخت کرے گی، جبکہ فلورملز20 کلو آٹے کا تھیلہ786 روپے میں فروخت کرنے کی پابند ہوں گی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 17 اگست 2019 20:09

فلورملزکیلئے گندم کی فی من قیمت میں75 روپے کا اضافہ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 اگست 2019ء) پنجاب حکومت نے فلورملز کیلئے گندم کی فی من قیمت میں75 روپے کا اضافہ کردیا ہے، حکومت فلورملزکو ایک ہزار375 روپے فی من کے حساب سے گندم فروخت کرے گی، جبکہ فلورملز20 کلوآٹے کا تھیلہ786 روپے میں فروخت کرنے کی پابند ہوں گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق
پنجاب حکومت نے فلورملز کیلئے گندم کی فی من قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

(جاری ہے)

نوٹیفکیشن کے تحت حکومت نے فلورملز کیلئے گندم کی قیمت میں75روپے کا اضافہ کردیا ہے۔

فلورملزکو ایک ہزار375 روپے فی من کے حساب سے گندم فراہم کی جائےگی۔ جبکہ فلورملز20 کلو آٹے کا تھیلہ786روپے میں فروخت کرنے کی پابند ہوں گی۔ نوٹی فکیشن کے مطابق فلورملزکی جانب سے سرکاری گندم پیسنے کی قیمت بجلی کے بلوں میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ضلعی سطح پر انسداد زمینی تجاوزات سیل قائم کر دیئے گئے ہیں۔

سیل کا انچارج گریڈ18 کا افسر ہو گا۔ یہ سیل سرکاری اور غیر سرکاری،پرائیویٹ اراضی پر قبضہ کے خلاف کام کرے گا اور متعلقہ شہریوں کی درخواست پر فوری عمل کر کے ان کی شکایات کا ازالہ کرے گا۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ان سیل کی کارکردگی کو مانیٹر کرنے کے لئے وزیراعلیٰ آفس میں ایڈیشنل سیکرٹری، ڈائریکٹر شکایات کی سربراہی میں صوبائی انسداد تجاوزات سیل قائم کر دیا گیا ہے۔

تاہم تمام انتظامی محکمے، خودمختار ادارے، ترقیاتی ادارے اور پولیس حکام ضلعی انسداد تجاوزات سیل کو مدد فراہم کریں گے تاکہ قبضہ مافیا کا خاتمہ کیا جائے اور شہریوں کی شکایات کا ازالہ کیا جا سکے۔ اس سلسلے میں تمام کمشنر اپنے ضلع کی ماہانہ رپورٹ ڈائریکٹر شکایات سیل وزیراعلیٰ آفس کو پیش کریں گے۔