مسئلہ کشمیر انتہائی گھمبیر ہوگیا ہے، 50 برس بعد اقوام متحدہ میں کشمیر کے مسئلے پر اجلاس کا انعقاد سفارتی کامیابی ہے، گورنر سندھ

ہفتہ 17 اگست 2019 21:16

مسئلہ کشمیر انتہائی گھمبیر ہوگیا ہے، 50 برس بعد اقوام متحدہ میں کشمیر ..
حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2019ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر انتہائی گھمبیر ہوگیا ہے، 50 برس بعد اقوام متحدہ میں کشمیر کے مسئلے پر اجلاس کا انعقاد سفارتی کامیابی ہے۔گورنر سندھ عمران اسماعیل ہفتے کو تھانہ احمد خان پہنچے اور ایم پی اے ملک اسد سکندر کی والدہ کے انتقال پر سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت و افسوس کا اظہار کیا اور مرحومہ کے ایصال ثواب کے لئے دعائے مغفرت کی۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے بھارتی حکومت کو وارننگ دی ہے کہ وہ کسی بھی ایسی حرکت سے باز رہے جس سے ہمارے کشمیری بھائیوں، بہنوں اور بچوں کو تکلیف پہنچے، انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں فوری طور پر کرفیو کو ختم کیا جائے، مسئلے کے حل تک پاکستان دنیا کے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کی بھرپور کوشش کرتا رہے گا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، پاکستان کشمیری بہنوں، بھائیوں اور بچوں کو اکیلا نہیں چھوڑے گا، پاکستان کی تمام جماعتیں کشمیر کے مسئلے پر ایک پیچ پر ہیں، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ صوبے باالخصوص کراچی شہر میں وفاق سے متعلق مسائل کو حل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے، تمام صوبوں سمیت وفاقی بجٹ میں بھی کمی کی گئی ہے۔