سرحدی خلاف ورزی پر بھارت کو سرپرائز دیں گے: ڈی جی آئی ایس پی آر

بھارت کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے، جارحیت پر بھارت کو سرپرائز ملے گا: میجر جنرل آصف غفور

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ ہفتہ 17 اگست 2019 21:36

سرحدی خلاف ورزی پر بھارت کو سرپرائز دیں گے: ڈی جی آئی ایس پی آر
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17اگست 2019) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے، جارحیت پر بھارت کو سرپرائز ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، پاک فوج کی نظر مشرقی سرحد پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایل او سی پر حالات خراب کر رہا ہے، پاک فوج بھارت کے ہر حملے جواب دینے کے لیے تیار ہے، کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ بھارتایل او سی پر دراندازی کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے لیکن پاک فوج مکمل تیار ہے اوربھارت کے کسی بھی مس ایڈوینچر کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور بھارت کو سرپرائز ملے گا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ کشمیر کے معاملے پر بنائی گئی کمیٹی کے اجلاس کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہا کہ مودی نے اچھا کام کیا، ایک سرد خانے میں پڑے ہوئے مسئلے کو پوری دنیاکے لیے فلیش پوائنٹ بنا دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا معاملہپاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ کا باعث بن سکتا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارت میں ہر دروازے پر بھارتی فوج کھڑی ہے اس کے باوجود گزشتہ روز کشمیری عوام جمعہ کی نماز ادا کرنے کے لیے سڑکوں پر نکلی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر سرحد پر کچھ ہوا تو پاک فوج اس کا بھرپور جواب دے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ پاک فوج ایل او سی پر کارروائی کر رہی ہے،بھارت ایل او سی پر جارحیت جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ جیسا واقعہ کروا کے اسے جواز بنا کر پاکستان پرحملہ کرنے کی کوشش بھی کر سکتا ہے لیکن اسے حالات میں بھارت 27فروری کو یاد رکھے، پاکستان بھارت کو سرپرائز دے سکتا ہے۔