ایشیائی ترقیاتی بینک کی کشف فائونڈیشن کے لئے 25 ملین ڈالر کے شراکتی قرضوں کی منظوری

ہفتہ 17 اگست 2019 22:32

ایشیائی ترقیاتی بینک کی کشف فائونڈیشن کے لئے 25 ملین ڈالر کے شراکتی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2019ء) ایشیائی ترقیاتی بینک نے چھوٹے قرضوں کی خدمات فراہم کرنے والے ادارے کشف فائونڈیشن کو کم آمدن کی گھریلو اشیاء اور خواتین کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار میں تعاون کے لئے 25 ملین ڈالر کے شراکتی قرضوں کی منظوری دیدی ہے۔ ان قرضوں سے پاکستان میں خواتین کی معاشی طور پر با اختیاری اور قرضوں تک رسائی کو وسعت دینے میں مدد ملے گی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے سرمایہ کار سپیشلسٹ ٹینا روہنر نے کہا ہے کہ پاکستان میں قرضوں کی رسائی بالخصوص کم آمدن والے طبقات میں خواتین کے ساتھ ساتھ خواتین کے کاروباروں کے لئے بہتری کی ضرورت ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی کشف فائوندیشن کے ساتھ شراکت داری سے اس مسئلے کو حل کرنے میں مدد ملے گی اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے خواتین کے کاروباری اداروں کے لئے قرضوں کی فراہمی کی اشد ضرورت تھی جن میں ملکی نمو اور ترقی میں کردار ادا کرنے کی صلاحیت ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں مالیاتی شعبوں تک رسائی محدود ہے اور مالی سال 2017ء میں صرف 21.3 فیصد نوجوان اور 15 سال سے زائد عمر کی 7 فیصد خواتین اپنے بینک اکائونٹ کی حامل تھیں۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور انفرادی قرضوں بالخصوص خواتین کے زیر اہتمام چھوٹے کاروباری اداروں کے لئے صورتحال ابتر ہے کیونکہ نجی شعبہ کے بینکوں کے قرضے ان اداروں کو مجموعی قومی پیداوار کا صرف 7 فیصد فراہم کئے جاتے تھے۔

چھوٹے اور درمیانے درجے کے پاکستان میں تمام کاروباری اداروں کی تعداد 98 فیصد اور غیر زرعی شعبہ کی افرادی قوت 80 فیصد سے زیادہ ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون میں 15 ملین ڈالر کا قرض ایشیائی ترقیاتی بینک فراہم کرے گا اور 10 ملین ڈالر کا قرض کاروباری معاون مالیاتی ادارہ ادا کرے گا جس میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے معاہدے بھی شامل ہیں۔

یہ معاونت کشف فائونڈیشن کے قرضوں کی فراہمی کے آپریشن کے لئے کی جا رہی ہے جو مارکیٹ پر مبنی خواتین کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو فراہم کی جائے گی اور ان کے رہن سہن اور آمدن کو مزید بہتر بنانے کے لئے طویل المدت فنانسنگ کی اشد ضرورت تھی۔ کشف فائونڈیشن کے منصوبوں کے لئے تعاون سے نجی تعلیمی شعبہ میں مالیاتی خلاء کو کم کرنے سمیت دیگر مقاصد کو پورا کرنے اور تعلیمی اداروں کے معیار کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

کامیاب شراکت داری کے ذریعے ایشیائی ترقیاتی بینک کو پاکستان کے مائیکرو فنانس شعبہ میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ کشف فائونڈیشن کا قیام چھوٹے قرضوں کی خدمات فراہم کرنے والے ادارے کے طور پر 1996ء میں عمل میں آیا جس کا مقصد پاکستان میں غربت کو ختم کرنا اور خواتین کو ارزاں نرخوں پر گھریلو سامان کی خریداری کے لئے خواتین کو با اختیار بنانا ہے۔ جون 2018ء تک کشف فائونڈیشن 4 لاکھ 12 ہزار 983 صارفین کو پاکستان کے 50 اضلاع میں اپنی 291 شاخوں کے نیٹ ورک کے ذریعے 85 ملین ڈالر کے حجم کے مجموعی قرضے فراہم کر چکی ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک خوشحال ترقی کرتا ہو ئے متحرک اور پائیدار ایشیاء و بحر الکاہل کا ہدف پورا کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

متعلقہ عنوان :