آزاد جموں و کشمیرکے صدر کامسئلہ کشمیر سلامتی کونسل میں اُٹھانے پرحکومت پاکستان عوام کی طرف سیحکومت پاکستان سے اظہار تشکر

پاکستان کے جرات مندانہ اقدام سے سلامتی کونسل میں خطہ کی امن و سلامتی سے گہرے تعلقوالے تنازعہ پر خاموشی ٹوٹی ہے ، مسعود خان

ہفتہ 17 اگست 2019 23:02

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2019ء) آزاد جموں و کشمیرکے صدر سردار مسعود خان نے جموں وکشمیر کے عوام کی طرف سے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اُٹھانے پرحکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے اس جرات مندانہ اقدام سے سلامتی کونسل میں ایک ایسے تنازعہ پر خاموشی ٹوٹی ہے جس کا خطہ کی امن و سلامتی سے گہرا تعلق ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس ایک ایسے وقت میں ہوا جب بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے خلاف ایک بارپھر جارحیت کا ارتکاب کرتے ہوئے پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر لوگوں پر انسانیت سوز مظالم کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور مقبوضہ علاقے کو بلیک آئوٹ کی سیاہ چادر میں لپیٹ کر خواتین کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ، انہوں نے اس بات کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں فوجوں کی تعداد میں بھاری اضافہ کر کے اور سنسر شپ نافذ کر کے کشمیریوں کی نسل کشی کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ہفتہ کے روز اپنے ایک بیان میںانہوں نے کہا ہے کہ یہ سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال مزید خراب ہونے سے بچائے اور کشمیریوںکی نسل کشی کو روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام تر مشکلات کے باوجود پاکستان کی درخواست پر سلامتی کونسل کے اجلاس اور اس اجلاس میں مسئلہ کشمیر کو زیر بحث لانے کو خوش آئند قراد دیتے ہو ئے کہا کہ بھارت نے سلامتی کونسل کا اجلاس رکوانے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگایا لیکن پاکستان نے اپنے دوستوں کی مدد سے سلامتی کونسل کے ارکان کو مل بیٹھنے اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو زیر بحث لانے اور بھارتی اقدامات کا نوٹس لینے پر مجبور کیا ۔

انہوں نے جموں و کشمیر کی عوام کی طرف سے وزارت خارجہ اور نیو یارک میں پاکستان کے مستقل مشن کا بھی شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی طرف سے فوری طور پر چین سے رابطہ کرنے اور وزارت خارجہ کے آفیسران کی طرف سے دن رات محنت کر کے منصوبہ بندی نے سلامتی کونسل کے اجلاس اور اس میں مسئلہ کشمیر کو زیر بحث لائے جانے کو ممکن بنایا جس پر وہ سب مبارکباد کے مستحق ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان کی طرف سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے سیاسی و سفارتی کو ششوں کی بھرپور تائید و حمایت کرتے ہیں ۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر کی سیاسی قیادت اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرنے اور دنیا کے سامنے اپنا مقدمہ پیش کرنے کے لئے تیار ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کی وزارت خارجہ کے اس بیان سے بھی حوصلہ ملا جس میں کہا گیا ہے کہ سلامتی کونسل کا اجلاس اور اس میں کشمیر کی صورتحال کا زیر بحث آنا ابتداء ہے جو آگے چل کر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ، انسانی حقوق کونسل میں بھی اُٹھایا جائے گا ۔صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ پاکستان کے اس اقدام سے نہ صرف مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر موثر انداز میں اُجاگر ہوا بلکہ کشمیر یوں کے حق خودارادیت کے مطالبہ کو بھی قانونی اور اخلاقی جواز یت ملی ہے۔