وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان کا سیز فائر لائن پر شہید ہونے والے پاک فوج کے تین جوانوں کو خراج عقیدت

ہفتہ 17 اگست 2019 23:02

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2019ء) وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے سیز فائر لائن پر شہید ہونے والے پاک فوج کے تین جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیاہے ۔ انہوں نے بھارتی وزیر دفاع کی پاکستان کو ایٹمی حملے کی دھمکی کو غیرذمہ دارانہ اور ایک جنونی اور انسانیت سے عاری شخص کی بڑک قرار دیااور اقوام متحدہ ،امن پسند ممالک او ربا الخصوص ایٹمی حملے سے متاثرہ ملک جاپان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کے ا ن خطرناک عز ائم کا سختی سے نوٹس لے اور بھارتی جنونی حکمرانوں سے باز پرس کرکے اسے غیر ذمہ دار ملک قرار دیکر عالمی قوانین کے مطابق کارروائی کریں ۔

انہوں نے کہا پاکستانی قوم بھارت کے ان گھیدڑبھبکیوں سے مرعوب ہونے والی نہیں اور بھارت کو ذہن میں رکھنا چاہیے کہ ہم نے ایٹم بم نما ئش کے لیے نہیں رکھا ہوا۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ ھماری بہادر افواج بھارت کوتاریخ کا نہ بھولنے والا سبق سکھائے گی اور پاکستان و آزاد کشمیر کا ہر جوان ، بچہ ، بوڑھا اور مرد و زن دفاع وطن کے لیے پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہے اور بھارت کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے ہر وقت کمر بستہ ہے ۔

ہمیں اپنی بہادر افواج پر فخر ہے جنہوں نے دشمن کے مذموم عزائم کو ہمیشہ اپنے لہو کے نذرانے دے کر خاک میں ملایا۔پاک فوج دونوں اطراف کے کشمیریوں کی محافظ فوج ہے اور دونوں جانب کے کشمیری اسے اپنی فوج سمجھتے ہیں جبکہ قابض ہندوستانی فوج کشمیریوں کیلئے نفرت کی علامت ہے ۔ افواج پاکستان کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال اور وہاں اپنی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے سیز فائر لائن پر ایک بار پھر کشیدگی بڑھانا چاہتا ہے لیکن بھارت کے یہ منفی ہتھکنڈے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو جدوجہد آزادی اور آزاد کشمیر کے عوام کو اپنے بھائیوں پر ہونے والے مظالم سے دنیا کو آگاہ کرنے سے نہیں روک سکتے۔