پاکستان کا مثبت امیج دنیا کے سامنے لانے کیلئے کینڈا کے شہر کیلگری میں ضرورت مندوں کیلئے کمیونٹی منی آوٹ ڈور فوڈ بینک کا افتتاح

منفرد منصوبے کے خالق پاکستانی نژاد کینیڈین شہری اور فخر پاکستان سید نجم حسن ہیں، جو اس سے قبل ملٹی کلچرل آوٹ ڈور لائبریری جیسا منصوبہ بھی متعارف کروا چکے ہیں

muhammad ali محمد علی اتوار 18 اگست 2019 01:11

پاکستان کا مثبت امیج دنیا کے سامنے لانے کیلئے کینڈا کے شہر کیلگری میں ..
کیلگری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اگست2019ء) پاکستان کا مثبت امیج دنیا کے سامنے لانے کیلئے کینڈا کے شہر کیلگری میں ضرورت مندوں کیلئے کمیونٹی منی آوٹ ڈور فوڈ بینک کا افتتاح، منفرد منصوبے کے خالق پاکستانی نژاد کینیڈین شہری اور فخر پاکستان سید نجم حسن ہیں، جو اس سے قبل بین الاقوامی شہرت یافتہ ملٹی کلچرل آوٹ ڈور لائبریری جیسا منصوبہ بھی متعارف کروا چکے ہیں۔

یہ منصوبہ کینیڈا سمیت دیگر کئی ممالک میں کامیابی سے چل رہا ہے۔

اپنی بہترین سماجی خدمات کے باعث سید نجم احسن کینیڈا میں خاصی مشہور شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں، اور وفاقی و صوبائی سطح پر کئی ایوارڈز بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔

ماضی کی طرح ایک مرتبہ پھر سید نجم حسن ایک منفرد آئیڈیا کے ساتھ سامنے آئے اور اس پر عمل بھی کرکے دکھایا ہے۔

(جاری ہے)

سید نجم الحسن نے اپنے دوستوں کے ہمراہ ایک نئے قسم کا فوڈ بینک متعارف کروایا ہے جسے کمیونٹی منی آوٹ ڈور فوڈ بینک کے نام سے پکارا جاتا ہے۔ اس فوڈ بینک کا مقصد ضرورت مند لوگوں تک خوراک کی باآسانی رسائی کو ممکن بنانا ہے۔


اس فوڈ بینک میں طویل عرصے تک قائم رہنے والی اشیاء کو رکھ کر خوبصورت انداز میں سجایا گیا ہے۔

یہ فوڈ بینک 24 گھنٹے کھلا رہتا ہے اور اس تک رسائی کیلئے کسی قسم کی رجسٹریشن یا دیگر فیس مقرر نہیں کی گئی۔


یہاں سے آپ جب چاہیں کھانا حاصل کر سکتے ہیں۔ اس فوڈ بینک کا موٹو Take Blessing/Leave Blessings ہے۔ یعنی آپ یہاں سے کھانا حاصل بھی کر سکتے ہیں اور ضرورت مندوں کیلئے یہاں کھانا چھوڑ کر بھی جا سکتے ہیں۔

اس فوڈ بینک کا افتتاح البرٹا کی گورنر نے کیا۔ یہاں آپ کو بتاتے چلیں کہ البرٹا کی گورنر کبھی ایسی  تقریبات میں شرکت نہیں کرتیں، تاہم انہوں نے سید نجم الحسن کی جانب سے تیار کردہ فوڈ بینک کے افتتاح کی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ جبکہ افتتاحی تقریب میں کئی صوبائی، وفاقی وزراء اور کمیونٹی کے دیگر لوگوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ لوگوں کی جانب سے Love With Humantiy Association نامی تنظیم کے سربراہ سید نجم الحسن کی خدمات کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں فخر پاکستان قرار دیا گیا ہے۔




اردو پوائنٹ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سید نجم الحسن کا کہنا تھا کہ ان کی ایسوسی ایشن کا مقصد لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنا، لوگوں میں خوشیاں بانٹنا ہے۔ ان کی یہ بھی کوشش ہے کہ وہ اپنی خدمات کے ذریعے پاکستان کا مثبت امیج دنیا کے سامنے لائیں۔