پاکستان اور انڈیا،جنگ کے سائے میں خوشیوں کے شادیانے

ایک اور انڈین دوشیزہ دلہن بن کر پاکستان آنے کو تیار

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 18 اگست 2019 06:14

پاکستان اور انڈیا،جنگ کے سائے میں خوشیوں کے شادیانے
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اگست2019ء)   کیا اتفاقات ہیں زمانے کے،ایک طرف انڈیااور پاکستان بارڈرز پر آمنے سامنے ہیں اور جنگ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور دوسری طرف انڈیااور پاکستان کے بارڈر پر شادیانے بجتے دکھائی دے رہے ہیں۔ایسے ہی لگتا ہے کہ ادھر طبلِ جنگ بجے گا اور ادھر نکاح کی بسم اللہ پڑھی جائے گی۔انڈین لڑکیاں پاکستانی لڑکوں کی شروع سے ہی دلدادہ رہی ہیں یہی وجہ ہے کہ ایک نہیں کئی انڈین لڑکیوں نے بھارت کو چھوڑ کر پاکستان میں لڑکوں سے شادی رچائی۔

اب کی بار ایک اور ہیرو پاکستانی کرکٹر حسن علی کی محبت میں گرفتار بھارتی لڑکی دلہن بن کر پاکستان آنے کے لیے رضا مند ہو چکی ہے جس نے دبئی میں رواں ماہ حسن علی سے نکاح کرنا ہے۔جس سلسلے میں کرکٹر حسن علی نے چھٹیوں کی درخواست دے رکھی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈنے فاسٹ باؤلر حسن علی کی فٹنس ٹیسٹ سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں شادی کے لیے ایک ہفتے کی چھٹی دے دی۔

پی سی بی نے 22 اگست سے 7 ستمبر تک لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں لگائے جانے والے پری سیزن ٹریننگ کیمپ کے لیے 20 کھلاڑیوں کو طلب کیا ہے اور ان کھلاڑیوں کی فہرست میں حسن علی کا نام شامل ہے۔نوجوان فاسٹ باؤلر حسن علی کا 20 اگست کو بھارت کی سامعیہ سے نکاح ہے اور بورڈ نے 19 اور 20 اگست کو کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے فاسٹ باؤلر نے پی سی بی سے درخواست کی تھی انہیں فٹنس ٹیسٹ سے استثنیٰ دیا جائے کیونکہ وہ ان دنوں اپنے نکاح کے سلسلے میں دبئی میں موجود ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے حسن علی کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے انہیں ایک ہفتے کی چھٹی دے دی ہے۔حسن علی 26 اگست کو پری سیزن کیمپ جوائن کریں گے اور اسی دوران ان کا فٹنس ٹیسٹ بھی لیا جائے گا۔