طالبان سے مذاکرات آگے بڑھ رہے ہیں، امریکا

اتوار 18 اگست 2019 10:10

طالبان سے مذاکرات آگے بڑھ رہے ہیں، امریکا
واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2019ء) امریکا نے کہا ہے کہ افغانستان میں 18 سال سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے طالبان سے مذاکرات آگے بڑھ رہے ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہائوس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان امن مذاکرات کے حوالے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قومی سلامتی کے مشیروں سے بات چیت کی جو بہت شاندار رہی۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے طالبان سے مذاکرات جاری ہیں لیکن اس کی نوعیت کے بارے میں نہیں بتایا گیا ہے۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشیران سے ملاقات کے بعد ایک ٹویٹ میں کہا کہ افغانستان کی صورت حال پر بہت اچھی ملاقات ہوئی، بیشتر افراد نے 19 سال سے جاری اس جنگ کی مخالفت کی، اگر ممکن ہوا تو اس پر معاہدہ دیکھ رہے ہیں۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات میں نائب صدر مائیک پینس، وزیر خارجہ مائیک پومپیو، وزیر دفاع مارک ایسپر، قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن، نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمت زلمے خلیل زاد، جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے سربراہ جنرل ڈنفرڈ اور سی آئی اے کی ڈائریکٹر گینا ہسپال شریک ہوئیں۔