حکومت چند ماہ کی مہمان،مسلم لیگ ن کا سنہرا دور دوبارہ شروع ہو گا،رانا احمدسعید

اپوزیشن کے خلاف کارروائیاں صرف مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے ہیں،رہنماء مسلم لیگ ن کی گفتگو

اتوار 18 اگست 2019 12:20

حکومت چند ماہ کی مہمان،مسلم لیگ ن کا سنہرا دور دوبارہ شروع ہو گا،رانا ..
خالق نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2019ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء وسابق چیئرمین یوسی 266تالاب سرائے مانگا منڈی رانا احمدسعیدنے کہا ہے کہ حکومت نے انتقامی سیاست اور اپوزیشن کو کچلنے کے سیاسی ایجنڈے پر عمل کر کے خود کو عوام کی نظروں میں گرالیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے خلاف کارروائیاں صرف مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے ہیں ایک سال کا عرصہ میں عوام کیلئے ریلیف خواب بن چکا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نیمیڈیاسے بات چیت کر تے ہوئے کیا۔رانا احمدسعیدنے کہا کہ مسلم لیگ ن کے سرگرم رہنمائوں کی گرفتاری حکومتی انتقام کا منہ بولتا ثبوت ہے، حکومت کے ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے مسلم لیگ ن کو ڈرایا اور دبایا نہیں جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے رہنمائوں سے حکومت ڈر رہی ہے اور اپنے انجام کو دیکھ رہی ہے جس سے یہ حکومت چند ماہ کی مہمان ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے مزیدکہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اسے پاکستان سے کوئی بھی جدا نہیںکر سکتا۔کشمیر ہمارا تھا ،ہے اور رہے گا۔ہم کشمیر کیساتھ ہیں اور ہم کشمیری بہن ،بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔رانا احمدسعیدنے کہا کہ موجودہ حکومت نے امریکا میں کشمیر کا سودا کیا ہے جسے عوام کبھی نہیں بھولیں گے اور وہ وقت دور نہیں جب عوام سڑکوں پر نکل کر کوٹ لکھپت جیل کی سلاخوں کو توڑیںگے اور مسلم لیگ ن کا سنہرا دور دوبارہ شروع ہو گا۔

متعلقہ عنوان :