Live Updates

پی ٹی آئی حکومت کے ایک سال میں بھوک، بیروزگاری، مہنگائی کا سونامی آیا: مریم اورنگزیب

وزیراعظم عمران خان کی حکومت کو ایک سال ہوگیا ہے لیکن وہ ابھی تک کنٹینر سے نہیں اترے: ترجمان مسلم لیگ ن

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 18 اگست 2019 17:19

پی ٹی آئی حکومت کے ایک سال میں بھوک، بیروزگاری، مہنگائی کا سونامی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18اگست2019ء) ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے پاکستان تحریکِ انصاف حکومت کا ایک سال پورا ہونے پر کہا ہے کہوزیراعظم عمران خان کی حکومت کو ایک سال ہوگیا ہے لیکن وہ ابھی تک کنٹینر سے نہیں اترے، پی ٹی آئی حکومت کے ایک سال میں بھوک، بیروزگاری، مہنگائی کا سونامی آیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ عوام کا ووٹ چوری ہوئے ایک سال ہوگیا اس دوران مک میں بھوک، بیروزگاری اور مہنگائی کا سونامی آیا۔

حکومتی رپورٹ پر رد عمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومتی کارکردگی رپورٹ جھوٹ پر مبنی اور ڈرامہ بازی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان اس خطے کا دوسرا مہنگا ترین ملک بن چکا ہے۔ حکومتی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے متعلق بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ٹیکس وصولیوں کے ہدف میں 6 سو ارب روپے کی کمی آئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے ایک سال کے دوران 7 ہزار 6 سو ارب روپے کا قرضہ لیا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں گیس کے نرخ میں 200 اور بجلی کے نرخ میں 35 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان نے بتایا کہ ان کی پارٹی نے تحریک انصاف کی حکومت کے جھوٹ کے خلاف جامع وائٹ پیپر لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ لیگی ترجمان نے سوال اٹھایا کہ حکومت نے اس ایک سال میں ایک کلومیٹر سڑک، کسی اسکول میں ایک کلاس روم، کسی ہسپتال میں ایک وارڈ تک نہیں بناسکی ہے تو حکومت کا سارا پیسہ کہاں چلا گیا ہے؟ حکومتی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے ایک سال کے دوران مہنگائی کی شرح 3 فیصد سے بڑھ کر 10.3 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت کے پاس جھوٹے دعوؤں کے علاوہ کچھ نہیں ہے، یہ حکومت ناکام ہوچکی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات