مقبوضہ کشمیر میں 4 ہزار شہریوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے، بھارتی مجسٹریٹ

وادی کی جیلوں جگہ کا فقدان ہونے کی وجہ سے متعدد زیر حراست شہریوں کو مقبوضہ کشمیر سے باہر لے جا کر قید کیا گیا، انکشافات

اتوار 18 اگست 2019 19:55

مقبوضہ کشمیر میں 4 ہزار شہریوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے، بھارتی مجسٹریٹ
سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2019ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ وادی کی خصوصی اہمیت ختم کرنے کے بعد سے اب تک تقریباً 4 ہزار افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔مقامی مجسٹریٹ نے غیر ملکی میڈیا کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس ای) کے تحت کم از کم 4 ہزار شہریوں کو گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت انتظامیہ کسی بھی شخص بغیر کسی جرم یا ٹرائل کے دو سال کی مدت تک جیل میں رکھ سکتی ہے۔مقبوضہ کشمیر کے مجسٹریٹ نے انکشاف کیا کہ وادی کی جیلوں جگہ کا فقدان ہونے کی وجہ سے متعدد زیر حراست شہریوں کو مقبوضہ کشمیر سے باہر لے جا کر قید کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ فراہم کردہ سیٹلائٹ فون کے ذریعے ہمالیہ خطے میں اپنے دوستوں سے رابطہ کرکے اعداد وشمار جمع کررہا ہوں۔واضح رہے کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد نئی دہلی نے خطے میں مواصلات کے سارے نظام معطل کرکے کرفیو نافذ کردیا تھا۔