کامیاب کوچ بننے کیلئے مصباح کو شخصیت مزید مضبوط بنانی ہوگی:محمدوسیم

انہوں نے ضرورت پیش آنے پر بھی اس طرح کی اتھارٹی قائم نہیں کی جو ٹیم کےلئے ضروری ہوتی ہے:سابق ٹیسٹ کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 18 اگست 2019 21:54

کامیاب کوچ بننے کیلئے مصباح کو شخصیت مزید مضبوط بنانی ہوگی:محمدوسیم
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اگست2019ء) سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد وسیم نے کہا ہے کہ اچھا کوچ بننے کے لیے سابق ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کو اپنی شخصیت مزید مضبوط بنانی ہوگی۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مکی آرتھر کے بعد قومی ٹیم کے لیے ہیڈ کوچ کی تلاش میں ہے۔اس حوالے سے میڈیا رپورٹس میں مصباح الحق کا نام سرفہرست ہے جنہیں پاکستان کے بہترین ٹیسٹ کپتانوں میں شمار کیا جاتا ہے تاہم ان کی محدود اوورز کی کرکٹ میں کارکردگی ملی جلی تھی۔

(جاری ہے)

45سالہ مصباح الحق نے اپنی کپتانی میں پاکستان کو ریکارڈ26 ٹیسٹ میچوں میں کامیابی دلوائی اور طویل فارمیٹ میں نمبر ون ٹیم بھی بنایا جب کہ 87 ون ڈے میچوں میں پاکستان 45 میں کامیاب جب کہ 39 میں ناکام رہا۔ایک انٹرویو میں محمد وسیم کا کہنا ہے کہا کہ مصباح سیدھے سادھے انسان ہیں اور ایک کامیاب کپتان تھے تاہم انہوں نے ضرورت پیش آنے پر بھی اس طرح کی اتھارٹی قائم نہیں کی جو ٹیم کے لیے ضروری ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر انہیں چیف سلیکٹر اور کوچ عہدہ دیا جاتا ہے تو انہیں ایک مضبوط شخصیت بنانی پڑے گی۔