ْمسئلہ کشمیر پرنصف صدی بعد سلامتی کونسل کا اجلاس ہونا پاکستان کی بڑی کامیابی ہے، اسد قیصر

اتوار 18 اگست 2019 22:00

صوابی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2019ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پرنصف صدی بعد سلامتی کونسل کا اجلاس ہونا پاکستان کی بڑی کامیابی ہے اور دنیا نے تسلیم کیا کہ مسئلہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ہے، سلامتی کونسل کے اجلاس سے کشمیری عوام کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے مرغز میں عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سپیکر نے کہا کہ پاکستان کی کامیاب سفارتکاری اور کوششوں سے بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی ٹوٹی ہے جو کہ پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔ ہم کشمیر کے لیے ہر حد تک جائیں گے پاکستان ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑرہا ہے۔ بھارت نے کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیریوں کے بنیادی حقوق معطل ہیں۔ پورے علاقے میں کرفیو ہے اور ذرائع ابلاغ پر پابندی ہے۔

پورے علاقے کو بند کر کے جیل میں تبدیل کر دیا گیا۔اسپیکر نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال مزید خراب ہونے سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ بھارت کے غیر انسانی اور غیر قانونی اقدام کشمیریوں سے جذبہ حریت نہیں چھین سکتے۔ کشمیری عوام بھارتی ظلم کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑے ہیں۔

پاکستان کشمیر کے ساتھ کھڑا ہے کیونکہ کشمیری ہم سے ہیں اور ہم کشمیر سے ہیں۔ اسد قیصر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ صوابی کے عوام کی خدمت میری سیاست کا مقصد ہے۔انہوں نے کہا کہ 24 اگست کو گدون میں اتلہ ڈیم اور پیہور ہائی لیول کنال کا افتتاح کیا جا رہا ہے۔ منصوبے کا افتتاح وزیر اعلی خیبر پختون خواہ کریں گے اور منصوبے سے ہزاروں ایکڑ اراضی زیر آب آئے گی اور گدون کے سینکڑوں دیہاتوں کا پانی کا مسئلہ بھی حل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہونگے۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ مشکل وقت میں حکمرانوں کو قوموں کی ترقی کے لیے مشکل فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔ جلد ملک ان مشکلات سے نکل کر ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔