افغان بورڈ نے پاکستان کا دورہ کرنے پر کرکٹر محمد شہزاد کو معطل کردیا

معطلی کے نتیجے میں وہ کسی بھی قسم کی کرکٹ سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 19 اگست 2019 12:11

افغان بورڈ نے پاکستان کا دورہ کرنے پر کرکٹر محمد شہزاد کو معطل کردیا
لاہور (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اگست2019ء) وکٹ کیپر بیٹسمین محمد شہزاد کو افغان کرکٹ بورڈ نے ایک سال کے لیے معطل کر دیا ہے۔فٹنس مسائل کی وجہ سے ورلڈ کپ کے دوران ہی وطن واپس بھجوائے جانے والے کرکٹر نے بورڈ کو تنقید کا نشانہ بنایا، ان کا کہنا تھا کہ مکمل طور پر فٹ ہوں، امتیازی سلوک کیا گیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں محمد شہزاد پشاور میں پریکٹس اور کلب میچز کھیلتے پائے گئے گئے، افغان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعلامیہ کے مطابق 31سالہ وکٹ کیپر بیٹسمین ڈسپلن کی متعدد خلاف ورزیوں میں ملوث پائے گئے ہیں، ملک میں ٹریننگ کی تمام تر سہولیات میسر ہونے کے باوجود کئی بار بلا اجازت بیرون ملک گئے۔

گزشتہ ماہ تحقیقات کرنے والی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے سے بھی گریز کیا،اس معطلی کے نتیجے میں وہ کسی بھی قسم کی کرکٹ سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ یاد رہے کہ محمد شہزاد کو گزشتہ سال بھی پشاور میں ایک کلب کی جانب سے میچزکھیلے کے جرم میں 4400 ڈالر جرمانہ کیا گیا تھا۔ محمد شہزاد نے لاکھوں افغانیوں کی طرح اپنا بچپن بطور مہاجر پشاور میں گزارا تھا تاہم ان کے والدین کا تعلق ننگر ہار سے تھا،انہوں نے شادی بھی پشاور میں کررکھی ہے۔