فیڈرل بورڈ کے انٹرمیڈیٹ نتائج، میڈیکل گروپ کی طالبات بازی لے گئیں

آرمی پبلک سکول ہمایون روڈ راولپنڈی کینٹ کی عائشہ مقبول، پنجاب کالج خیابان صادق سرگودھا کی مریم جاوید1056 نمبر حاصل کرکے اول، پنجاب کالج خیابان صادق سرگودھا کی اقصیٰ مصطفی 1053 نمبر کے ساتھ دوم، پنجاب کالج F-8/4 اسلام آباد کی حمنہ فاروق 1052 نمبر کے ساتھ سوم آئیں

پیر 19 اگست 2019 14:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2019ء) وفاقی تعلیمی بورڈ نے انٹر میڈیٹ پارٹ II کے نتائج کا اعلان کردیا، امتحانات میں 64 ہزار 223 امیدواروں نے حصہ لیا جس میں سے 50ہزار 712 کامیاب قرار پائے، کامیابی کا مجموعی تناسب 78.96 فیصد رہا، طالبات نے سبقت حاصل کرلی، آرمی پبلک سکول ہمایون روڈ راولپنڈی کینٹ کی عائشہ مقبول اور پنجاب کالج خیابان صادق سرگودھا کی مریم جاوید نے مشترکہ طور پر 1056 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی، پنجاب کالج خیابان صادق سرگودھا کی اقصیٰ مصطفی نے 1053 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ پنجاب کالج F-8/4 اسلام آباد کی حمنہ فاروق نے 1052 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

پوزیشن حاصل کرنے والی تمام طالبات کا تعلق پری میڈیکل گروپ سے تھا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کمپیوٹر بٹن دبا کر نتائج کا اعلان کیا اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری تعلیم وجیہہ اکرم ،قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی، وفاقی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر اکرام علی ملک ، پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں، ان کے والدین اور اساتذہ کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

پیر کو وفاقی تعلیمی بورڈ کی جانب سے اعلان کئے جانے والے نتائج کے مطابق اپریل ۔جون 2019ء میں ہونے والے انٹرمیڈیٹ پارٹIIکے امتحانات میں 52 ہزار 874 ریگولر امیدواروں نے حصہ لیا جس میں سے 43 ہزار 854 امیدوار کامیاب قرار پائے ،کامیابی کا تناسب 82.94 فیصد رہا۔امتحانات میںحصہ لینے والے 11ہزار 349 پرائیویٹ اور سابق امیدواروں میں سے 6 ہزار 858 امیدوار پاس ہوئے اور کامیابی کا تناسب 60.43 فیصد رہا۔

ہیومنٹیز گروپ میں ڈبلیو ایس ایس او مشعل ڈگری کالج واہ کینٹ کی زینب ندیم ملک نے 973 نمبر کے ساتھ پہلی ، پنجاب کالج G-6/1 اسلام آباد کی صفا نے 948 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ FG کالج کشمیر روڈ راولپنڈی کینٹ کی مہرین خالد نے 941 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پری انجینئرنگ گروپ میں بحریہ کالج E-8 اسلام آباد کے محمد حمزہ مدثر اور پنجاب کالج F-8/4 اسلام آباد کی زینب غوری نے مشترکہ طور پر 1046 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی ، اسلام آباد ماڈل کالج F-10/2 حمدا منیر نے 1045 نمبر کے ساتھ دوسری ، فضائیہ ڈگری کالج شورکوٹ کینٹ کے محمد حمزہ 1039 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

سائنس جنرل گروپ میں بیس کالج واہ کینٹ کی ہما احمد نے 1018 نمبر کے ساتھ پہلی ، پنجاب کالج F-8/4 اسلام آباد کی فاطمہ سحر نے 1008نمبر کے ساتھ دوسری ،جبکہ آرمی پبلک سکول جہلم کینٹ کی انوشہ فاطمہ نے 994نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ کامرس گروپ میں پنجاب کامرس کالج راولپنڈی کینٹ کی مقدس مہربان نے 938کے ساتھ پہلی ، پنجاب کالج G-6/1 اسلام آباد کی تسمیہ امتیاز نے 933 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ پنجاب کالج آف کامرس راولپنڈی کینٹ کی بشریٰ محبوب نے 931 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

وفاقی تعلیمی بورڈ کے مطابق نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.fbise.edu.pk پر جاری کردیئے گئے ہیں جبکہ طلباء 5050 پراپنا رول نمبر ایس ایم ایس کرکے بھی نتائج معلوم کرسکتے ہیں۔وفاقی تعلیمی بورڈ نے طلباء سے کہا ہے کہ اگر انہیں اپنے نتائج کسی وجہ سے موصول نہیں ہوئے یا فیس یا دیگر کسی وجہ سے بورڈ کی جانب سے روکا گیا ہے تو وہ 5ستمبر 2019ء تک بورڈ آفس سے رابطہ کریں۔