پاکستان نے کابل میں شادی کی تقریب میں خود کش بم دھماکے میں پاکستانی شہری کے ملوث ہونے سے متعلق خبروں کو مسترد کردیا

بعض میڈیا داعش کے دعوے کو جواز بنا کر پاکستانی شہری کے ملوث ہونے کی خبریں نشر کررہے ہیں جسے قطعی طور پر مسترد کیا جاتا ہے، دفتر خارجہ

پیر 19 اگست 2019 15:00

پاکستان نے کابل میں شادی کی تقریب میں خود کش بم دھماکے میں پاکستانی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2019ء) پاکستان نے کابل میں شادی کی تقریب میں خود کش بم دھماکے میں پاکستانی شہری کے ملوث ہونے سے متعلق خبروں کو مسترد کردیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز افغانستان کے دارالحکومت کابل میں شادی کی تقریب کے دوران ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا تھا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 63 سے زائد افراد ہلاک اور 182 زخمی ہوگئے تھے۔

اس ضمن میں دفتر خارجہ سے جاری بیان میں واضح کیا گیا کہ بعض میڈیا داعش کے دعوے کو جواز بنا کر پاکستانی شہری کے ملوث ہونے کی خبریں نشر کررہے ہیں جسے قطعی طور پر مسترد کیا جاتا ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے بم دھماکے میں پاکستانی شہری کے ملوث ہونے کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ میڈیا کے لیے ضروری ہے کہ وہ دہشت گرد تنظیم کے پروپیگنڈا سے لاتعلق رہیں جس کا مقصد انتشار پھیلانا ہے انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان میں ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہم نے دہشت گردوں کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے انتہائی موثر اور کامیابی کے ساتھ اقدامات اٹھائے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان اسی جذبے کے تحت خطے اور عالمی اتحادیوں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔