معیار تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے بنیادی اصلاحات کی جا رہی ہیں، شفقت محمود

پیر 19 اگست 2019 15:34

معیار تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے بنیادی اصلاحات کی جا رہی ہیں، شفقت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2019ء) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لئے بنیادی اصلاحات کی جا رہی ہیں، مدارس کے امتحانات وفاقی تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام کرنے سے مدارس کے طلباء کو بھی آگے تعلیم حاصل کرنے اور ملازمتوں کے مواقع میسر آ سکیں گے۔ وہ پیر کو وفاقی تعلیمی بورڈ میں انٹرمیڈیٹ پارٹ II کے امتحانات کے نتائج کے اعلانات کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے وفاقی تعلیمی بورڈ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیمی بورڈ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ والدین کی جانب سے بہت دبائو تھا کہ وفاقی تعلیمی بورڈ کے نتائج کا اعلان جلد کرایا جائے تاکہ ان کے بچے بیرون ملک یونیورسٹیوں میں داخلہ حاصل کر سکیں جس پر انہوں نے وفاقی تعلیمی بورڈ کو ہدایت کی جس پر تعلیمی بورڈ نے دن رات محنت کر کے طے شدہ پروگرام سے ایک ہفتہ قبل نتائج کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام تعلیمی بورڈز کو یکم اگست تک اپنے تمام نتائج کو مکمل کرلینا چاہئے۔ وہ بین الوزارتی کانفرنس میں اس مسئلہ کو اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لئے اصلاحات کی جا رہی ہیں۔ بین الاقوامی معیار کے مطابق بی اے 16 سالہ اور ایم اے 18 سالہ کیا جائے گا تاکہ ہماری ڈگریوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ مدارس کے امتحانات وفاقی تعلیمی بورڈ لے گا اور مجھے امید ہے کہ وفاقی تعلیمی بورڈ بھی اپنی اس ذمہ داری کو بطریق احسن نبھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کے امتحانات بورڈ کے تحت ہونے سے مدارس کے طلباء کو بھی آگے تعلیم حاصل کرنے کا موقع مل سکے گا اور وہ سرکاری اور نجی شعبوں میں اپنی تعلیمی قابلیت کے مطابق روزگار حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے اس موقع پر پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء، والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دی۔

متعلقہ عنوان :