Live Updates

خیبر پختونخوا اسمبلی کی دو مخصوص خالی نشستوں کیلئے انتخابی شیڈول جاری

پیر 19 اگست 2019 15:41

خیبر پختونخوا اسمبلی کی دو مخصوص خالی نشستوں کیلئے انتخابی شیڈول جاری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2019ء) الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا اسمبلی کی دو مخصوص خالی نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف اور بلوچستان عوامی پارٹی کا انتخابی شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے تحت تحریک انصاف اور بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدواروں سے 23 اگست تا 26 اگست 2019ء تک کاغذات نامزدگی وصول کئے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق خواتین کی دو مذکورہ نشستوں برائے پاکستان تحریک انصاف اور بلوچستان عوامی پارٹی کے لئے ریٹرننگ افسر پیر مقبول احمد، صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا کو مقرر کیا گیا ہے جن کا دفتر بنگلہ نمبر 11-A، مچنی روڈ پشاور کینٹ میں واقع ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور بلوچستان عوامی پارٹی کے لئے مختص دو مخصوص نشستوں کے لئے امیدواروں کو یہ ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ افسر کے پاس مذکورہ تاریخ تک دفتری اوقات میں جمع کرا دیں۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف اور بلوچستان عوامی پارٹی اپنی ترجیحی فہرستیں تیار کرتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ امیدواران وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقہ جات (سابقہ فاٹا) کے کسی بھی علاقے کے رجسٹرڈ ووٹر ہوں۔

اسی صورت میں ان کے کاغذات نامزدگی منظور کئے جائیں گے بصورت دیگر کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق دونوں سیاسی جماعتیں پاکستان تحریک انصاف اور بلوچستان عوامی پارٹی اپنے امیدواران کی ترجیحی فہرستیں صوبائی الیکشن کمشنرخیبر پختونخوا اور ریٹرننگ افسر کے دفتر میں 26 اگست تک دفتری اوقات میں جمع کروا سکتی ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات