Live Updates

نیوزی لینڈ ، پاکستان کے جشن آزادی کی رنگا رنگ تقریب ،

پاکستانی بچوں نے ملی نغموں پر پرفارمنس کر کے شائقین کے دل جیت لئے

پیر 19 اگست 2019 15:52

نیوزی لینڈ ، پاکستان کے جشن آزادی کی رنگا رنگ تقریب ،
آکلینڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2019ء) نیوزی لینڈ میں پاکستان کے جشن آزادی کی رنگا رنگ تقریب میں پاکستانی بچوں نے چاروں صوبوں اور کشمیر کے ملی نغموں پر پرفارمنس کر کے شائقین کے دل جیت لئے ،اسٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا ،نیوزی لینڈ اور پاکستان کے پرچم لہرائے گئے جبکہ پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر عبد المالک نے کہا ہے کہ 50سال بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانا پاکستان کی سفارتی سطح پر بہت بڑی کامیابی ہے ، عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو نوٹس لینا چاہیے،پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور بھارت ہماری امن پسندی کو ہماری کمزوری نہ سمجھے، پاکستان کبھی بھی جنگ میں پہل کر نے کی خواہش نہیں رکھتا تاہم اگر بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کی تو پھر ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے،پاکستان اور نیوزی لینڈ تجارت ،معیشت ، ایجو کیشن اور سپورٹس کے تعاون پر بھرپور توجہ دے رہے ہیںامید ہے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہونگے،یوم آزادی کے موقع پر ہمیں کرائسٹ چرچ میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کو بھی یاد رکھناچاہیے۔

(جاری ہے)

پاکستان ایسوسی ایشن آف نیوزی لینڈ (PANZ)کے زیر اہتمام گزشتہ روز بار فٹ اینڈ تھامپسن اسٹیڈیم میں جشن آزادی کے سلسلے میں ایک پر وقار رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی ۔ نیوزی لینڈ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر عبد المالک مہمان خصوصی تھے ۔تقریب میں نیوزی لینڈ کے 20 سے زائد ارکان پارلیمنٹ ، آکلینڈ کے میئر فل گاف ، نیوزی لینڈ کی پولیس کے اعلیٰ حکام ، مختلف کمیونٹیز کے لوگوں کے علاوہ بہت بڑ ی تعداد میں پاکستانیوں نے شرکت کی ۔

تقریب میں ٹارنیکا ٹریولز کی جانب سے چار خوش نصیب پاکستانیوں کو پاکستان کے ریٹرنز ٹکٹس بھی دیئے گئے ۔ پاکستان کی جانب سے ہائی کمشنر ڈاکٹر عبد المالک اور نیوزی لینڈ کی جانب سے آکلینڈ کے میئر فل گاف نے اپنے اپنے قومی پرچم لہرائے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر عبد المالک نے کہاکہ چودہ اگست ہمارے لئے ایک اہم دن ہے جس میں ہم اپنے ان ہیروز کو یاد کرتے ہیں جنہوںنے قائد اعظم اور علامہ اقبال کے خواب کی تعمیر کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔

انہوںنے کہاکہ یوم آزادی کے موقع پر خوبصورت تقریب منعقد کر نے پاکستان ایسوسی ایشن آف پاکستان نیوزی لینڈ کے تمام ممبران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوںنے انتھک محنت سے اس تقریب کا اہتمام کیا ۔انہوںنے کہاکہ اس موقع پر ہمیں کرائسٹ چرچ میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کو بھی یاد رکھناچاہیے ۔ ڈاکٹر عبد المالک نے کہاکہ جشن آزادی کے ساتھ ساتھ ہمیں کشمیریوں سے بھرپور یوم یکجہتی کا بھی اظہار کر نا چاہیے ۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان بھارت کی طرف سے کشمیر کے سٹیٹس کو ختم کر نے جیسے اقدام کو ہر گز قبول نہیں کر تا اور حکومت پاکستان ہر فورم پر کشمیر یوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستانی حکومت مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور طریقے سے اجاگر کرتی رہے گی ۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کی درخواست پر پہلی مرتبہ 50سال بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلایا گیا جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر غور کیا گیا ۔

یہ پاکستان کی سفارتی سطح پر بہت بڑی کامیابی ہے ۔ڈاکٹرعبد المالک نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان نے کشمیر کی موجودہ صورتحال پر عالمی برادری کی خاموشی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہاکہ عالمی برادری کو آگے بڑھ کر مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کر وانا چاہیے ۔ ڈاکٹر عبد المالک نے کہاکہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو نوٹس لینا چاہیے اور کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلانا چاہیے ۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور بھارت ہماری امن پسندی کو ہماری کمزوری نہ سمجھے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کبھی بھی جنگ میں پہل کر نے کی خواہش نہیں رکھتا تاہم اگر بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کی تو پھر ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔انہوںنے کہاکہ پاکستان وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تیزی سے ترقی کررہا ہے اور پاکستان میں جلد ہی کرپشن اور غربت کا خاتمہ ہوگا اور پاکستان سماجی اور اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا ۔

انہوںنے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہیں او ردونوں ملک اقوام متحدہ اور کامن ویلتھ میں اہم کر دار ادا کررہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ دونوں ملک تجارت ،معیشت ، ایجو کیشن اور سپورٹس کے تعاون پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اس یقین کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہونگے ۔

انہوںنے کہاکہ نیوزی لینڈ میں رہنے والے پاکستانی نیوزی لینڈ میں ہر سطح پر بھرپور کر دارادا کررہے ہیں اور یہ پاکستانی ہمارے سفیر ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان اوورسیز پاکستانیز کو بہت بڑا اثاثہ قرار دیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ حکومت پاکستان نے بہت سے ممالک کیلئے ویزہ فری پالیسی بنائی ہے آپ لوگوں کو اس کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے ۔

پاکستانی ہائی کمشنر نے میئر آکلینڈ فل گاف ، ارکان پارلیمنٹ ،پولیس کے اعلیٰ حکام اور پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا ۔اس موقع پر پاکستانی بچوں نے پاکستان کے چاروں صوبوں اور کشمیر کے ملی نغموں پر پرفارمنس کر کے تقریب کو چار چاند لگا دیئے جس کو معزز مہمانوں نے بے حد سراہا ۔اس کے علاوہ پاکستانی گلو کاروں نے پاکستان کے ملی نغمے بھی گائے تقریب میں پاکستان سے متعلق ایک تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی جس کو تقریب کے شرکاء نے بہت پسند کیا ۔

تقریب میں ٹارنیکا ٹریولز کی جانب سے چار خوش نصیب پاکستانیوں ہما سلیم ، حارث مرتضیٰ ، کاشف بٹ اور حافظ جنید کو پاکستان کے ریٹرنز ٹکس بھی دیئے گئے تقریب میں پاکستان ایسوسی ایشن کے نائب صدر عاصم مختار نے کمپیئرنگ کے فرائض سرانجام دیئے ۔قبل ازیں تقریب کاباقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاکستان سے ہوا جس کے بعد دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور پاکستان اور نیوزی لینڈ کے پرچموں کی پرچم کشائی کی گئی ۔یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان ایسوسی ایشن آف نیوزی لینڈ کی جانب سے ایک اتنی بڑی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات