Live Updates

جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع کر دی گئی

جنرل قمر جاوید باجوہ نومبر 2022ء تک پاکستان کے آرمی چیف ہوں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 19 اگست 2019 16:44

جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع کر دی گئی
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 اگست 2019ء) : جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ مزید تین سال کے لیے آرمی چیف کے عہدے پر مقرر رہیں گے۔  جنرل قمر جاوید باجوہ 29 نومبر 2019ء کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہو رہے تھے لیکن اب ان کی مدت ملازمت میں مزید تین سال کی توسیع کر دی گئی ہے جس کے تحت جنرل قمر جاوید باجوہ نومبر 2022ء تک چیف آف آرمی اسٹاف کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع کر دی گئی ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع وزیراعظم عمران خان نے کی۔ وزیراعظم عمران خان نے یہ فیصلہ مشرقی سرحد کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر کیا۔

(جاری ہے)

یہ فیصلہ ملک اور خطے میں امن کے لیے کوششوں کے تسلسل کے لیے کیا گیا۔

یاد رہے کہ 29 نومبر 2016ء کو راولپنڈی جنرل ہیڈ کوارٹرز میں آرمی چیف کی کمان تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں راحیل شریف نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو عہدے کی کمان سونپی تھی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ پاک فوج کے 16ویں سربراہ ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کا تعلق بلوچ رجمنٹ سے ہے اور وہ بلوچ رجمنٹ سے تعلق رکھنے والے چوتھے سربراہ ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات