عالمی برداری نہتے کشمیریوں کی منظم نسل کشیٴْ روکے ، حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ

ْ

پیر 19 اگست 2019 17:12

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2019ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنمائوںنے پاکستان ، عالمی برادری خاص طورپر اقوام متحدہ پر زوردیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کو کشمیریوں کی منظم نسل کشیٴْ سے روکے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے رہنمائوںنے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں 5 اگست سے بھارت نے جموںوکشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل کرنے کے بعد سے مسلسل کرفیو، سخت پابندیاں اورمواصلاتی بلیک آئوٹ نافذ کر رکھاہے۔

دنیا مقبوضہ کشمیرمیں رونما ہونے والے واقعات سے عملاً بے خبر ہے جبکہ قابض انتظامیہ نے پوری حریت قیادت کو جیلوں اور گھر میں نظربند کررکھا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پاکستان کے عوام ، عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال اور درپیش خطرات سے آگاہ کیاجانا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر اس وقت ایک انسانی المیہ سے دوچار ہے اور قابض انتظامیہ نے دس ہزار سے زائد حریت پسندوںکو گرفتار کر کے بھارت کی مختلف جیلوں میں منتقل کردیا ہے۔

مسلسل کرفیو کی وجہ سے جموںوکشمیر میں ادویات ، اشیائے خورد و نوش اور خوراک کی شدید قلت پید ہوگئی ہے جبکہ ہسپتالوں اورڈاکٹروں کی عدم موجودگی کی وجہ سے انسانی جانوں کے ضیاع کے شدید خدشات پید ہو گئے ہیں۔ بھارتی فورسز بھارت مخالف مظاہروں کو روکنے کیلئے گولیوںاور پیلٹ گنز کا بے دریغ استعمال کر رہی ہے جس کی وجہ سے سینکڑوںافراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے حریت رہنمائوں نے کہاکہ بارہ کے قریب کشمیریوںکی شہادتوںکی اطلاعات بھی ملی ہیں جن میں دو صحافی بھی شامل ہیں۔

حریت رہنمائوںنے کہاکہ انہیں باوثوق ذرائع سے اطلاعات ملی ہیں بھارتی فورسز نے جارحیت کے خلاف مظاہروں کو روکنے کیلئے بڑے پیمانے پر کشمیریوں کے قتل عام کا منصوبہ بنایا ہے۔ انہوںنے حکومت پاکستان اور عالمی برادری خاص طورپر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے حالات کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے کشمیریوںکے تحفظ کیلئے اپنا اہم کردارادا کرے۔