Live Updates

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع پر عمران خان کا پُرانا انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا

عمران خان نے اس انٹرویو میں آرمی چیف کو مدت ملازمت میں توسیع دینے کی مخالفت کی تھی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 19 اگست 2019 17:22

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع پر عمران خان کا پُرانا انٹرویو سوشل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 اگست 2019ء) : آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس موقع پر ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان کی ایک پُرانی ویڈیو وائرل ہو گئی جس میں انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کرنے کے امر کی مخالفت کی تھی۔ سوشل میڈیا پر عمران خان کا انٹرویو وائرل ہوا جس میں انہوں نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق سوال کے جواب میں کہا تھا کہ جنگ عظیم اول اور جنگ عظیم دوئم میں جنگ کے دوران بھی کبھی کسی آرمی چیف کو مدت ملازمت میں توسیع نہیں دی گئی۔

یعنی ادارے اپنے قوانین کے مطابق کام کرتے ہیں۔ جب کسی ادارے کے قوانین کو کسی مخصوص شخص کے لیے توڑا جاتا ہے تو آپ اُس ادارے کو تباہ کر دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں آپ کو پالیسی بتا رہا ہوں کہ اگر اس ملک کو بچانا ہے تو ہمیں ادارے مضبوط کرنا ہوں گے۔ جب کسی ایک شخص کے لیے کوئی قانون تبدیل کیا جاتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ پورے ادارے کو متاثر کر رہے ہیں۔

انہوں نے جنرل کیانی کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق سوال پر کہا کہ اس طرح ادارے کمزور ہوتے ہیں۔جنرل مشرف نے بھی کس طرح اداروں کو کمزور کیا۔ آپ بتائیں کہ ایک وقت ایسا بھی آگیا تھا کہ فوج شہروں میں بھی نہیں گھُستی تھی۔ جنرل کیانی کو اس بات کا مکمل کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے مشرف کے بعد فوج کے امیج کو بہتر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں شوکت خانم کا بانی ، چئیرمین سب کچھ ہوں لیکن وہاں کی انتظامیہ نے میری سفارش بھی رد کر دی تھی ، ایک پُرانے ملازم کی والدہ کے لیے میں نے سفارش کی تو اسپتال کی انتظامیہ نے مجھ سے کہا کہ ان کی عمر پانچ سال زیادہ ہے ہم آپ کی سفارش نہیں مان سکتے۔

لہٰذا ادارے ایسے کام کرتے ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کی خبروں کے بعد سوشل میڈیا پر عمران خان کا یہ انٹرویو کافی وائرل ہو رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر عمران خان کے وائرل ہونے والی اس ویڈیو کو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات