وفاقی وزیر علی زیدی کا کلین کراچی مہم کے سلسلہ میں مدد کی یقین دہانی پر وزیرِ بلدیات سندھ ناصر شاہ کو شکریہ کا خط

پیر 19 اگست 2019 17:57

وفاقی وزیر علی زیدی کا کلین کراچی مہم کے سلسلہ میں مدد کی یقین دہانی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2019ء) وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کلین کراچی مہم کے سلسلہ میںمدد کی یقین دہانی کے جواب میں وزیرِ بلدیات سندھ ناصر شاہ کو شکریہ کا خط لکھا ہے۔ خط میں علی زیدی نے ناصر شاہ کی کلین کراچی کے لئے مدد کی یقین دہانی پر ان شکریہ ادا کیا ہے۔ علی زیدی نے لکھا ہے کہ تمام 6 اضلاع میں جی ٹی ایس کی سرکاری اور عوامی سطح پر نشاندہی کی جائے، ہر جی ٹی ایس کی میٹرک ٹن میں گنجائش بھی واضح کی جائے، نالوں میں کچرا پھینکنے پر دفعہ 144 کا اطلاق کیا جائے۔

(جاری ہے)

وزارت بحری امور کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وفاقی وزیر علی زیدی کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ نالوں میں کچرا پھینکنے والوں پر جرمانہ عائد کیا جائے، حلقہ وار سرکاری کچرا کنڈیوں کی نشاندہی کی جائے۔ طے شدہ کچرا کنڈیوں کے علاوہ کچرا پھینکنے والوں پر جرمانہ عائد کیا جائے۔ خط میں مزید لکھا ہے کہ تمام نجی ہاؤسنگ و کنٹونمنٹ اتھارٹیوں کو کچرا براہِ راست لینڈ فل سائٹس میں پہنچا نے کے احکامات جاری کئے جائیں، خلاف ورزی کرنے والی اتھارٹیز کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے،نالوں، خاص کر محمود آباد نالے پر تجاوزات کو ہٹانے کی فوری کارروائی کی جائے۔