سپریم کورٹ نے گوجرانوالہ میں ٹیکسی ڈرائیور کوقتل کرنے کے الزام میں سزایافتہ ملزمان کو بری کردیا

پیر 19 اگست 2019 18:37

سپریم کورٹ نے گوجرانوالہ میں ٹیکسی ڈرائیور کوقتل کرنے کے الزام میں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2019ء) سپریم کورٹ نے گوجرانوالہ میں ٹیکسی ڈرائیور کوقتل کرنے کے الزام میں سزایافتہ ملزمان قیصر بٹ اور عبدالغفار کو بری کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے واضح کیاہے کہ کسی کوصرف اس بنیاد پر سزا نہیں دی جا سکتی کہ ملزمان کو مقتول کے ساتھ جاتے دیکھا گیا ہے، سزا کیلئے ٹھوس شواہد درکار ہوتے ہیں۔

پیر کو چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ یاد رہے کہ 2008ء میں دونوں ملزمان پر منظور احمد نٰامی ٹیکسی ڈرائیور کوقتل کرنے کا الزام لگایا گیا تھا، ٹرائل کورٹ نے ملزمان کو سزائے موت سنائی تھی تاہم 2013ء میں اپیل دائر کرنے پرلاہور ہائی کورٹ نے ملزمان کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا تھا،سماعت کے دوران پنجاب کے پراسیکوٹر محمد جعفرنے عدالت میں پیش ہوکر کیس کے بارے میںبتایاکہ ملزمان نے منظور احمد کی ٹیکسی بک کرائی تھی اورکئی لوگوں نے ملزمان کو ٹیکسی ڈرائیور کے ساتھ جاتے دیکھا تھا۔

(جاری ہے)

بعدازاں گرفتاری پرملزمان سے دوپستول بھی برآمد ہوئے تھے جس پر چیف جسٹس کاکہناتھاکہ ملزمان کو 24 گھنٹے قبل مقتول کے ساتھ جاتے دیکھا گیا تھا لیکن کسی کواس بنیاد پرسزا نہیں دی جاسکتی کہ ملزمان کواس کے ساتھ جاتے دیکھا گیا تھا۔ بعد ازاں عدالت نے ملزمان کوبری کرنے کاحکم دیتے ہوئے کیس نمٹادیا۔