Live Updates

وزیراعظم عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کی ترقی کا ضامن سمجھتے ہیں، اوورسیز پاکستانیز نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے

وزیر مملکت شہر یار خان آفریدی کا جرمنی کے شہر ہینوور میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے اوورسیز پاکستانیز سے خطاب

پیر 19 اگست 2019 18:37

وزیراعظم عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کی ترقی کا ضامن سمجھتے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2019ء) وزیر مملکت برائے سیفران و انسداد منشیات شہر یار خان آفریدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کی ترقی کا ضامن سمجھتے ہیں، اوورسیز پاکستانیز نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے، وہ ہمارے وطن، ہماری قوم کا فخر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جرمنی کے شہر ہینوور میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے اوورسیز پاکستانیز سے ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن پر دنیا حیران ہے، ایک غیرت مند قوم کو جب حقیقی قیادت نصیب ہوتی ہے تو پھر دنیا کو اس قوم کا احترام کرنا پڑتا ہے، وزیراعظم عمران خان کے چین، سعودی عرب، امریکہ، متحدہ عرب امارات، قطر اور دیگر ممالک دوروں میں دیا جانے والا احترام دراصل پاکستان کی نیک نامی کا موجب ہے۔

(جاری ہے)

شہریارخان آفریدی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر سابقہ حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی کے باعث دنیا ہماری بات سننے کو تیار نہیں تھی، جب سے وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر بات کرنا شروع کی ہے، دنیا نے ہمیں سنجیدگی سے سننا شروع کر دیا ہے، پاکستان آج درست سمت میں چل پڑا ہے، حکومت کی ایک سالہ کارکردگی اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان ریفارمز اور اوپننگ اپ کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے،اب ہمیں ترقی کی راہ سے کوئی نہیں ہٹا سکے گا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ایک سال میں ہماری خارجہ پالیسی، انویسٹمنٹ پالیسی، داخلہ پالیسی درست سمت پر گامزن ہے۔ ریفارمز اور انویسٹمنٹ پاکستان کو بڑی معاشی قوتوں میں لے جارہی ہے۔ شہریارخان آفریدی نے کہاکہ کرپشن اور لاقانونیت کے خلاف عمران خان کی جنگ میں ہر پاکستانی حکومت کے ساتھ ہے۔ اس جنگ کو کرپشن اور لاقانونیت کے خاتمے تک جاری رکھیں گے۔

تاریخ میں پہلی بار حکومت پاکستان نے 10 ارب ڈالر کا غیر ملکی قرضہ اتارا ہے، 30 ہزار ارب قرضے چڑھانے والے ماضی کے حکمرانوں کا احتساب کریں گے، کسی کو نہیں چھوڑیں گے، ہم پانچ سال پورا کرنے نہیں بلکہ وطن عزیز کو ترقی کی شاہراہ پر ڈالنے کیلئے کام کر رہے ہیں، ہمارا مشن حکومت بچانا نہیں بلکہ ملک کو بچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی فلسفہ حسین سے لاعلم ہے، اس کو نہیں پتہ اس نے کس کو للکارا ہے، جذبہ حمیت و حریت سے لبریز پاکستانی قوم وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے آخری حدوں تک جائے گی۔

شہریارخان آفریدی نے جرمنی میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے جرمنی میں تعینات پاکستانی سفیر سے ملاقات کرکے انہیں حل کرنے کا یقین دلایا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات