Live Updates

موجودہ حالات میں سپہ سالار کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ بہترین اور پاکستان کے مفاد میں ہے، احمد جواد

پیر 19 اگست 2019 18:46

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں سپہ سالار کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ بہترین اور پاکستان کے مفاد میں ہے۔ پیر کو مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و سلامتی یقینی بنانے کیلئے جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں 3 سال توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایسے فیصلوں کی بین الاقوامی سطح پر بہت سی مثالیں موجود ہیں، ترکی، جرمنی، روس اور چین میں افواج کے سربراہان کی مدت ملازمت چار برس ہے۔

انہوں نے کہا کہ استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل پیشِ نظر اس مدت میں توسیع یا عدم توسیع کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔ احمد جواد نے کہا کہ چینی نیوی کے سربراہ ایڈمرل ووشنگ لی کو 11 سال تک کی ملازمت دی گئی، 2006ء سے 2017ء تک ووشنگ لی کی قیادت میں چینی بحریہ نے عظیم ترقی کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین کی طرح روس نے بھی اپنے امیر البحر کو مدت ملازمت میں توسیع دی، روسی امیر البحر نے اپنی مدت ملازمت کے دوران امریکہ کے مقابلہ میں روسی بحری بیڑے کو بے مثال ترقی دی۔

انہوں نے کہا کہ ہم فروری 2019ء سے بھارت کے ساتھ جنگی حالت میں ہیں، بھارت ہمیں جوہری حملے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن و امان حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے، ہم پاکستان سے دہشت گردی کو مکمل شکست دینے کے قریب ہیں۔ احمد جواد نے کہا کہ موجودہ حالات میں سپہ سالار کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ بہترین اور پاکستان کے مفاد میں ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات