چیئر مین سینٹ سے قائم مقام مینیجنگ ڈائریکٹر سوئی سدرن گیس کمپنی محمد امین راجپوت کی ملاقات

چاغی کے علاقے میں گیس کی فراہمی کیلئے ایل پی جی ائر مکس پلانٹ لگانے کیلئے اراضی کے حصول کا مرحلہ مکمل کرلیا گیا ہے ، صادق سنجرانی ایل پی جی پلانٹ کی فراہمی کیلئے ٹینڈرز کر دیئے گئے ہیں ، توقع ہے نومبر کے پہلے ہفتے میں منصوبے کا افتتاح کر دیا جائے گا، ملاقات میں بات چیت

پیر 19 اگست 2019 19:34

چیئر مین سینٹ سے قائم مقام مینیجنگ ڈائریکٹر سوئی سدرن گیس کمپنی محمد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2019ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے قائم مقام مینیجنگ ڈائریکٹر سوئی سدرن گیس کمپنی محمد امین راجپوت نے کراچی میں ملاقات کی اور انھیں بلوچستان کے علاقے چاغی میں گیس کی فراہمی کیلئے پلانٹ لگانے سے متعلق پیش رفت بارے آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران سینیٹر نصیب اللہ بازئی بھی موجود تھے۔

سوئی سدرن گیس حکام نے چیئرمین سینیٹ کو بتایا کہ چاغی کے علاقے میں گیس کی فراہمی کیلئے ایل پی جی ائر مکس پلانٹ لگانے کیلئے اراضی کے حصول کا مرحلہ مکمل کرلیا گیا ہے اور گیس پلانٹ کی تنصیب کیلئے دیگر عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں، ایل پی جی پلانٹ کی فراہمی کیلئے ٹینڈرز کر دیئے گئے ہیں اور توقع ہے کہ نومبر کے پہلے ہفتے میں منصوبے کا افتتاح کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سوئی سدرن گیس کو احکامات دیئے کہ گیس کی فراہمی کیلئے گیس پلانٹ کی تنصیب کا عمل جلد سے جلد مکمل کیا جائے تا کہ لوگ اس سہولت سے استفادہ کر سکیں۔ چیئرمین سینیٹ نے اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کے معابین بہتر رابطہ کاری پر زور دیا تاکہ گیس پلانٹ کی تنصیب میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سوئی سدرن گیس حکام سے بلوچستان کے علاقہ اغبر کو گیس کی فراہمی کے منصوبے سے متعلق بھی دریافت کیا جس کے جواب میں گیس حکام نے چیئرمین سینیٹ کو بتایا کہ یہ منصوبہ وزارت منصوبہ بندی میں زیر غور ہے اور جلد اس منصوبے پر عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ملک کے پسماندہ علاقوں کو بھی ترقی یافتہ علاقوں کی طرز پر سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ سماجی عدم توازن کو ختم کیا جا سکے۔ سوئی سدرن گیس حکام نے پلانٹ کی تنصیب کا کام جلد سے جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔