آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے فیصلے نے معیشت کی جان میں جان ڈال دی، اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، ڈالر کی بھی کمر توڑ دی گئی

سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز حصص مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں 797 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی، اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 50 پیسے کی کمی واقع

muhammad ali محمد علی پیر 19 اگست 2019 19:11

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے فیصلے نے معیشت کی جان میں جان ڈال ..
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اگست 2019ء) آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے فیصلے نے معیشت کی جان میں جان ڈال دی، اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، ڈالر کی بھی کمر توڑ دی گئی، سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز حصص مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں 797 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی، اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 50 پیسے کی کمی واقع۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز زبردست تیزی دیکھی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ گزشتہ مایوس کن کاروباری ہفتے کے بعد پیر پاکستان سٹاک مارکیٹ کیلئے شاندار دن ثابت ہوا۔ کاروباری ہفتے کے پہلے روز رواں ماہ کے دوران پہلی بار سٹاک مارکیٹ مثبت بند ہوئی اور حصص مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں 797 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

سٹاک مارکیٹ کا انڈیکس 29 ہزار 562 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ مارکیٹ میں کاروبار میں تیزی کی وجہ سے آج 2.7 فیصد کا کاروبار ہوا۔

ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر بڑی مندی دیکھی گئی مندی کی وجہ سے 100 انڈیکس 28670.98 پوائنٹس کی سطح پر ریکارڈ کیا گیا تاہم اس کے باوجد سرمایہ کاروں نے دلچسپی دکھائی۔ سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے باعث بعد ازاں مندی تیزی میں بدل گئی اور انڈیکس 29609.16 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔ کاروبار کے پہلے روز اختتام پر 797.79 پوائنٹس کی تیزی کے بعد حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 29562.42 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا اور یوں رواں ماہ پہلی بار سٹاک مارکیٹ مثبت سطح پر بند ہوئی۔

پاک سٹاک مارکیٹ میں پیر کے روز دیکھی گئی تیزی کے باعث حصص کی مالیت میں 140 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔ دوسری جانب پیر کے روز کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں مزید کمی دیکھنے کو ملی۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 50 پیسے جبکہ انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 4 پیسے کی کمی دیکھنے میں آئی۔ انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر 4 پیسے کم ہو کر 158.62 روپے پر بند ہوا۔ جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے تنزلی کے بعد 158.90 روپے کی سطح پر پہنچ گیا۔ معاشی ماہرین اور تجزیہ کار پیر کے روز معاشی سطح پر ہونے والی ان مثبت تبدیلیوں کو معیشت کیلئے بہترین قرار دے رہے ہیں۔