الیکشن کمیشن نے قبائلی اضلاع کیلئے خواتین کی دومختص نشستوں کیلئے انتخابی پروگرام جاری کردیا

دونوں نشستوں کیلئے پی ٹی آئی اور بلوچستان عوامی پارٹی کی امیدوار کاغذات نامزدگی حاصل کرسکیں گی

پیر 19 اگست 2019 20:00

الیکشن کمیشن نے قبائلی اضلاع کیلئے خواتین کی دومختص نشستوں کیلئے انتخابی ..
پشاور۔19اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2019ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قبائلی اضلاع کیلئے صوبائی اسمبلی میںخواتین کی دو مخصوص نشستوں کیلئے شیڈول جاری کردیاہے۔ ان نشستوں کیلئے پی ٹی آئی اور بلوچستان عوامی پارٹی کی امیدوار کاغذات نامزدگی حاصل کرسکیں گی،انتخابی پروگرام کے مطابق کاغذات نامزدگی 23 سے 26 اگست تک جمع کرائے جاسکیں گے امیدواروں کی غیر حتمی فہرست 27 اگست کو جاری کی جائے گی 2 ستمبر کو کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائے گی 6 ستمبر تک کاغذات پر اپیلیں کی جاسکیںگی 10 سے 11 ستمبر اپیلیٹ ٹریبونل اپیلیں سنے گا امیدوار 12 ستمبر تک کاغذات واپس لے سکیں گے جب کہ 13 ستمبر کو حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن نے ہدایات جاری کی ہیں کہ پی ٹی آئی اور بلوچستان عوامی پارٹی اپنی انتخابی فہرستیں تیار کرتے وقت اس بات کاخیال رکھیں کہ امیدواران سابقہ فاٹاکے کسی بھی علاقے کے رجسٹرڈووٹرہوں اسی صورت میں انکے کاغذات نامزدگی منظورکئے جائینگے بصورت دیگر کاغذات نامزدگی خارج کردئیے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ صوبے میں شامل نئے قبائلی اضلاع کیلئے صوبائی اسمبلی میں خواتین کی چارمخصوص نشستیںہیں جن میں دو نشستوں پر جے یوآئی اورپی ٹی آئی کی ایک ایک خاتون امیدوارنعیمہ کشوراورانیتامحسودمنتخب ہوچکی ہیں جبکہ باقی دو نشستوں کیلئے الیکشن کمیشن نے انتخابی پروگرام جاری کردیاہے۔