Live Updates

پچاس سال بعد اقوامِ متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر بحث ہوئی،شوکت یوسفزئی

کشمیریوں پر ظلم سے دنیا میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے، عمران خان کی کامیاب خارجہ پالیسی سے دنیا میں پاکستان کی عزت بحال ہوئی ہے اور دنیا مان گئی ہے کہ کشمیر بھارت کا اندرونی مسئلہ نہیں ہے اور مودی کشمیر میں دہشت گردی کر رہا ہے، مولانا فضل الرحمان کشمیر کمیٹی کے سربراہ رہے ہیں کیا ان کا اتنا حق نہیں بنتا کہ وہ کشمیر پر بات کر سکیں وزیراطلاعات خیبرپختونخوا

پیر 19 اگست 2019 20:08

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2019ء) صوبائی وزیر اطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی کوششوں کی وجہ سے پچاس سال بعد اقوامِ متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر بحث ہوئی۔ کشمیریوں پر ظلم سے دنیا میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔ عمران خان کی کامیاب خارجہ پالیسی سے دنیا میں پاکستان کی عزت بحال ہوئی ہے اور دنیا مان گئی ہے کہ کشمیر بھارت کا اندرونی مسئلہ نہیں ہے اور مودی کشمیر میں دہشت گردی کر رہا ہے۔

مولانا فضل الرحمان کشمیر کمیٹی کے سربراہ رہے ہیں کیا ان کا اتنا حق نہیں بنتا کہ وہ کشمیر پر بات کر سکیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے نشتر ہال پشاور میں قائد اعظم محمد علی جناح اور تحریک پاکستان کے حوالے سے تصویری نمائش کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر پوری قوم متفق ہے۔ کشمیری اس وقت پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں جبکہ مولانا فضل الرحمن اپوزیشن کی کرپشن چھپانے میں مصروف ہیں مولانا فضل الرحمن اگر پشاور سے اسلام آباد تک بھی روڈ بند کردیں پھر بھی احتساب کا عمل نہیں رکے گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن کی دوسری آل پارٹیز کانفرنس میں کسی اعلی پائے کے سیاست دان نے شرکت نہیں کی۔ مولانا فضل الرحمن کوئی ایسا فتویٰ دیکھائیں جس میں کرپشن جائز ہو نواز شریف اور زرداری کو اگر جیل سے رہائی چاھئے تو لوٹی ہوئی دولت واپس کریں۔ ایک سوال کے جواب میں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ کوئی جرآت نہیں کر سکتا کہ وہ انسدادپولیو مہم کو روکے حکومت کسی سے بلیک میل نہیں ہوگی۔

ہم افغانستان اور نائجیریا کی صف میں شامل نہیں ہونا چاہتے۔انسداد پولیو مہم روکنے یا بدنام کرنے کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ تصویری نمائش کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام تصاویر نادر ہیں اور ان میں جدوجہد نظر آتی ہے۔الگ اسلامی ریاست پاکستان کے لیے قائد اعظم محمد علی جناح کی کی جانے والی کوششوں کو اس تصویری نمائش کے ذریعے سامنے لایا گیا ہے۔ ہمیں 14 اگست اور کشمیر میں ہونے والے ظلم سے نوجوانوں کو باخبر رکھنا ہے۔ صوبائی وزیر نے تحریک پاکستان کے حوالے سے اور قائد اعظم کی مختلف تصاویر بھی نمائش میں دیکھیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات