پنجاب یونیورسٹی کا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف احتجاجی ریلی کا انعقاد

پیر 19 اگست 2019 20:35

لاہور۔19 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2019ء) پنجاب یونیورسٹی اساتذہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا۔ وزیر ہائر ایجوکیشن راجا یاسر ہمایوں کی قیادت میں مال روڈ پر نکالی گئی ریلی میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد اختر، پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر،مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ممتاز انور، سیکریٹری جاوید سمیع، شعبہ جات کے سربراہان اور فیکلٹی ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر شرکاء نے مقبوضہ کشمیر کی عوام، پاک فوج اور حکومت سے اظہار یکجہتی کے لئے ہاتھوں سے زنجیر بنائی۔ راجا یاسر ہمایوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاںکر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر یوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور جلد ہی کشمیر بھارتی قبضے سے آزاد ہو جائے گا۔ وائس چانسلر پروفیسر نیازاحمد نے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی مقبوضہ کشمیر کی عوام، پاک فوج اور حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

قبل ازیں پنجاب یونیورسٹی سینیٹ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف قراردادبھی منظورکی گئی جس میں میں کہا گیا کہ پنجاب یونیورسٹی مقبوضہ کشمیر کی عوام ، پاک فوج اور حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔