Live Updates

کامران بنگش نے پشاور میں مزید ایس ڈی سیز قائم کرنے کی ہدایت کردی

خیبرپختونخوا میںعوام کو خدمات کی بروقت فراہمی ممکن بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہے ہیں،کامران بنگش

پیر 19 اگست 2019 20:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2019ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران خان بنگش نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا میںعوام کو خدمات کی بروقت فراہمی ممکن بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ تاکہ عوام کو پٹواری مافیہ سمیت ان تمام آفیسرز سے نجات دلائی جائے جو اپنی ڈیوٹی میں کوتاہی برت رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہارکامران بنگش نے شامی روڈ پشاورپر واقع سروسز ڈیلیوری سنٹر (ایس ڈی سی) کے دورہ کے موقع پر کیا۔ معا ون خصوصی کو سروسز ڈیلیوری سنٹر کی کارکردگی بارے متعلقہ آفیسرز کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ سائنس و ٹیکنالوجی کے معاون خصوصی کامران بنگش نے اس موقع پر کہا، کہ آج کا دور سائنس و ٹیکنالوجی کا ہے، حکومت چاہتی ہے کہ جدید سہولیات کو استعمال کرتے ہوئے خدمات کی بروقت فراہمی کا نظام مزید آسان بنا دیا جائے جس سے ایک طرف سروسز کی ڈیلیوری بروقت ہوگی جبکہ دوسری جانب کرپشن اور سفارش کلچر کا قلع قمع بھی ہوگا۔

(جاری ہے)

سروسز ڈیلیوری سنٹر کے دورے کے موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر برائے لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن خائستہ رحمان ، اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر مشتاق، پراجیکٹ مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ کے ڈاکٹر عدیل رضااورمحکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے چیف پلاننگ آفیسر عبدالباسط بھی معاون خصوصی کے ہمراہ تھے۔ کامران بنگش نے سنٹر کے مختلف ڈسک کا دورہ کیا، اور وہاں پر عام عوام سے ملے۔

سروسز ڈیلیوری سنٹر(ایس ڈی سی) پر آئے لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی نے عوام کو خدمات کی بروقت فراہمی آسان بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کر رہا ہے، تاکہ سروسز ڈیلیوری ان کے گھر کے دہلیز ہو۔ پٹواری مافیہ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کامران بنگش نے کہا کہ ہماری حکومت نے روز ائول سے ان تمام مافیاز سے چھٹکارہ دلانے کی کوشش کی ہے کہ جو زمینی ریکارڈ کے حوالے سے ہونے والے لین دین میں عوام کو سالہاسال رلاتے تھے۔

ان کے کرپشن کا وقت ختم ہوگیا ہے، اور اس قبیح عمل کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ اور اس مقصد کے لئے لینڈ کمپیوٹرائزیشن پر کام جاری ہے، جس سے عوام کو مزید سہولت اور آسانی ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا، کہ سروسز ڈیلیوری سنٹر کے حوالے سے اگر کسی کو کوئی شکایت ہو تو وہ متعلقہ اہلکاروں کو اسی بارے آگاہ کریں۔سروسز ڈیلیوری سنٹر کے متعلقہ اہلکاروں کوہدایات جاری کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران خان بنگش نے کہا کہ جلد از جلد ایک تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے جو یہ نشاندہی کرے کہ پشاور میں کہاں پر اور کتنے سنٹرز کی قیام کی ضرورت ہے۔

تاکہ سروسز کی فراہمی کے بارے عمران خان کی خواب شرمندئہ تعبیر ہو،جبکہ متعلقہ رپورٹ آگے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو ارسال کی جائے گی۔ انہوں نے کہا، کہ خصوصی طور پر پشاور سٹی ایریا میں دیکھا جائے کہ کہاں پر حکومت سروسز ڈیلیوری سنٹر قائم کر سکتی ہے، کیونکہ عوام اکثر متعلقہ سنٹر دور ہونے کی وجہ سے اس سہولت سے محروم رہ جاتے ہیں۔ انہوں نے افسران بالا کو تلقین کی، کہ مرکز کے بارے اگر کسی بھی حوالے سے کوئی شکایت ہو تو اس کو فاالفور دور کیا جائے۔ واضح رہے کہ پشاور میں سروسز ڈیلیوری سنٹرز کے قیام بارے اگلا اجلاس 21 اگست کو پشاور میںبلائی گئی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات