شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورمیں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی فوج کے ظلم کے خلاف احتجاجی ریلی

پیر 19 اگست 2019 21:05

سکھر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2019ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورمیں معصوم اور نہتے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور ہندوستانی فوج کے ظلم کے خلاف احتجاجی ریلی وائیس چانسلر ہائوس سے نکالی گئی جو یونیورسٹی کے مرکزی دروازے پر اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے کہا کہ معصوم کشمیری عوام کرفیو کی وجہ سے سخت مشکلات سے دوچار ہیں۔

کشمیری بھائی حق خود ارادیت سے محروم ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر پروین شاہ نے اقوام ِ متحدہ میں کشمیر کا مسئلہ بہتر طریقے سے پیش کرنے پر حکومتِ پاکستان کو سراہا اور پاکستان کی وزارت خارجہ کو سفارتی سطح پر بہتر طریقے سے پیش کرنے پر تعریف کی۔ انہوں نے عالمی دنیا سے مطالبہ کیا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوامِ متحدہ کی قرار داد کے مطابق حل کیا جائے۔ میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر محمد یوسف خشک پرووائیس چانسلر نے کہا کہ جنت نظیر وادی کشمیر پر ہندوستانی فوج نے ناجائز قبضہ کررکھا ہے۔

مودی حکومت کی پالیسی ہٹلر کی فاشسٹ پالیسی ہے۔ ہم پاکستان کے پرچم تلے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ ریلی میں اساتذہ، افسران، ملازمین اور طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کیا۔