سیاسی قیادت سیاسی تنازعات کو بھول کر کشمیر کیلئے متحد ہوجائے، حکومت کا کشمیر ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ اچھا قدم ہے، سینیٹر سراج الحق

پیر 19 اگست 2019 21:44

سیاسی قیادت سیاسی تنازعات کو بھول کر کشمیر کیلئے متحد ہوجائے، حکومت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2019ء) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سیاسی قیادت سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ داخلی و سیاسی تنازعات کو بھول کر کشمیر کیلئے متحد ہوجائے، کشمیر سیاسی نہیں بلکہ پاکستان کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، حکومت کا کشمیر ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ اچھا قدم ہے ، بین الاقوامی کشمیر کانفرنس بلائی جائے، اب کشمیریوں کا ساتھ نہ دیاتو دوبارہ موقع نہیں ملے گا، وقت آگیا ہے کہ عالم اسلام کشمیریوں کا ساتھ دے، مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے قوم کو بیدار کریں گے، 25اگست کو پشاور میں اور یکم ستمبر کو کراچی میں کشمیر بچا ئو عوامی مارچ کریں گے۔

عوام کو خوف میں مبتلا کرنے کے بجائے قوم کو یکسو کرکے ان کاحوصلہ بڑھانے کی ضرورت ہے، ہر اس اقدام کی ضرورت ہے جو کشمیری مطالبہ کررہے ہیں، ہندوستان نے ہٹ دھرمی نہ چھوڑی اور اپنے فیصلے کو واپس نہ لیا توکشمیر کے ساتھ ساتھ کئی دوسری ریاستوں سے بھی ہاتھ دھوبیٹھے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلام آباد میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم اور شاہد شمسی بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ 15دن سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ہے۔خورک ادویات اور بچوں کیلئے دودھ تک ختم ہونے کی وجہ سے بڑا انسانی المیہ جنم لے رہاہے مگر دنیا خاموش ہے۔کشمیرایک جیل خانہ بن گیاہے ،پاکستان اور مسلمانوں کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والے بھارتی دھمکیوں پر کیوں خاموش ہیں۔ یغام دیتا ہوں کہ کشمیر ہمارا ہے اور ہم کشمیری ہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ دنیا ہمارے بیانیہ کو اس طرح قبول کرے جس طرح اس کا حق ہونا چاہیے۔ ہم حق پر ہیں اس لئے بھارت ناکام ہورہاہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر حکومت ہو یا اپوزیشن سب متحد ہیں ۔