بھارت ،3 بار طلاق دینے کی شکایت پولیس میں درج کرانے والی خاتون کو شوہر اور سسرالیوں نے مل کر زندہ جلادیا

پیر 19 اگست 2019 21:58

لکھنو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2019ء) بھارت میں ایک نشست میں 3 بار طلاق دینے کی شکایت پولیس میں درج کرانے والی خاتون کو شوہر اور سسرالیوں نے مل کر زندہ جلادیا۔عالمی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کی 22 سالہ سعیدہ کو مبینہ طور پر اس کے شوہر نفیس اور سسرالیوں نے مل کر 5 سالہ بیٹی کے سامنے زندہ جلا دیا۔سعیدہ کے والد رمضان خان نے پولیس کو بتایا کہ داماد جو ممبئی میں کام کرتا ہے، نے ٹیلی فون پر ایک ہی نشست میں 3 طلاقیں دے دیں جس پر میری بیٹی نے تھانے میں شکایت درج کرانی چاہی تاہم پولیس نے کہا کہ جب شوہر ممبئی سے آئے تو تھانے آنا۔

چند دنوں بعد نفیس گھر آیا تو پولیس میاں بیوی کو تھانے لے گئی اور پوچھ گچھ کے بعد دونوں کو ایک ساتھ رہنے کا مشورہ دیا۔

(جاری ہے)

تھانے سے واپسی پر نفیس نے میری بیٹی کو پولیس میں شکایت درج کرانے کی پاداش میں زندہ جلا دیا۔سعیدہ کی 5 سالہ بیٹی جو اس دردناک واقعے کی عینی شاہد بھی ہے نے پولیس میں بیان قلم بند کراتے ہوئے بتایا کہ والد نے نماز جمعہ ادا کرنے کے بعد گھر آتے ہی والدہ کو مارنا پیٹنا شروع کردیا اور اسی دوران دادا، دادی اور پھوپھیاں بھی آگئیں۔

بیٹی نے پولیس کو بتایا کہ والد نے ماں کو بالوں سے گھسیٹ کر فرش پر گرادیا اور دونوں پھوپھیوں نے ماں پر مٹی کا تیل چھڑکا جبکہ دادا دادی نے ماچس جلا کر آگ لگادی، پولیس نے ایف آئی آر درج کرلی تاہم گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔پولیس کے مطابق سیدہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی کارروائی کا آغاز کیا جائیگا۔