بھارتیوں نے کشمیر کی صورتحال پر افسوس کرنے والی اداکارہ کوپاکستان کی حامی قرار دیدیا

شدید تنقید کے بعد سونم کپور کی ٹوئٹر کے ذریعے بھارتیوں کو صبر کرنے اور معاملے کو سمجھنے کی تجویز

پیر 19 اگست 2019 21:58

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2019ء) کشمیر کی صورتحال پر افسوس کرنا سونم کپور کو مہنگا پڑگیا،بھارتیوں نے کشمیر کی صورتحال پر افسوس کرنے والی اداکارہ پاکستان کی حامی قرار دیا ہے۔سونم کپور نے 3 روز قبل ہی بی بی سی ایشین کو دیے گئے انٹرویو میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورتحال کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں یہ سب دیکھ اور سن کر تکلیف ہو رہی ہے۔

سونم کپور نے کہاتھا کہ انہیں ابھی کشمیر مسئلے پر مکمل درست معلومات نہیں، اس لیے بہتر یہی ہوگا کہ وہ درست معلومات موصول ہونے اور معاملے کو مکمل طور پر سمجھ لینے تک خاموش رہیں تو بہتر ہے۔سونم کپور کی جانب سے کشمیر کی صورتحال پر افسوس کرنے اور اپنے خاندان کا تعلق پاکستان سے بتائے جانے کے بعد بھارتیوں نے اداکارہ کا آڑے ہاتھوں لیا اور انہیں پاکستان کی حامی قرار دیا۔

(جاری ہے)

کئی صارفین نے اداکارہ کو آن لائن تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان پر سنگین الزامات لگائے اور کہا کہ وہ ہمیشہ سے ہی پاکستان اور پاکستانی اداکاروں کی سپورٹ کرتی رہی ہیں۔بھارتی افراد نے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ وہ اداکارہ راکھی ساونت سے بھی گئی گزری ہیں، کم سے کم راکھی ساونت دیش کے خلاف تو کچھ نہیں بولتیں۔لوگوں کی جانب سے شدید تنقید کے بعد سونم کپور نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے بھارتیوں کو صبر کرنے اور معاملے کو سمجھنے کی تجویز دی۔

سونم کپور نے ایک ٹوئٹ میں تنقید کرنے والوں کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ انہیں تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے معاملے کو سمجھنے کی ضرورت ہے اور کسی کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے سے اپنا ہی کردار متاثر ہوتا ہے۔سونم کپور نے تنقید کرنے والوں کو کہا کہ ان کے الفاظ ہی ان کی شخصیت کی عکاسی کرتے ہیں، اس لیے انہیں تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے معاملے کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔