Live Updates

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع ملک وقوم کے بہتر ین مفاد میں ہے‘

بھارت مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے خطے میں امن کو تباہ کر نے کی سازشیں کر رہا ہے‘کر تار پور راہداری منصوبہ بر وقت مکمل کیا جائے گا‘یونیورسٹیز میں صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائیں گے‘گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور

پیر 19 اگست 2019 22:28

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع ملک وقوم کے بہتر ین مفاد میں ہے‘
لاہور۔19 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2019ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے آرمی چیف جنر ل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں3 سالہ توسیع کو ملک وقوم کے بہتر ین مفاد میں قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر اور خطے کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے پاکستان حالت جنگ میں ہے ان حالات میں وزیر اعظم نے آرمی چیف کی مدت میں توسیع کر کے بالکل درست فیصلہ کیا ہے ‘بھارت ہر محاذ پر ناکامی کے بعد اب مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے خطے میں امن کو تباہ کر نے کی سازشیں کر رہا ہے‘ کوئی شک نہیں کہ بھارت آج بھی افغان امن کا مخالف اورکر تار پور راہداری منصوبے کومجبوری کے تحت قبول کر رہا ہے ‘پاکستان نے یہ فیصلہ کر لیا ہے کہ کر تار پوراہداری منصوبے کو ہر صورت بر وقت مکمل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وہ یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور ٹائون شپ میں نئے اکیڈ مک بلاک کا افتتاح اور شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودا لگانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن یاسر ہمایوں سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرورنے میڈیا کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ آج افغان امن ،مسئلہ کشمیر اوربھارت کے جنگی جنون کی وجہ سے خطے کی صورتحال پوری قوم کے سامنے ہیں اور ہمیں اس حوالے سے بہت سے چیلنجز درپیش ہے اس لیے آرمی چیف قمر جاوید باجود کی مدت ملازمت میں توسیع ملک وقوم اور وقت کی ضرورت ہے اور ہم وزیر اعظم عمران خان کے اس فیصلے کی مکمل تائید کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی ہٹ دھر میوں کے باوجود کر تارپور راہداری کے منصوبے اور باباگرونانک کی550جنم کی تقر یبات کے حوالے سے تیاریاں جاری ہیںا ور انشاء اللہ ہم نہ صرف کر تار پور اہداری منصوبے کو مکمل کر یں گے بلکہ بابا گرونانک کے 550جنم کی تقر یبات میں شر کت کیلئے آنے والے تمام سکھ یاتر یوں کو فول پروف سیکورٹی اور دیگر سہولتیں فراہم کر یں گے۔

انہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف کی وفاقی اور پنجاب حکومت مکمل طور پر میرٹ اورشفافیات کے مطابق فیصلے کر رہی ہے ۔ پنجاب کی تمام یونیورسٹیز میں مکمل میرٹ کے مطابق وائس چانسلرسمیت دیگر تقر ریاں ہورہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تمام یونیورسٹیز میں طلباء اور سٹاف کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائیں گے جس کے لیے ہر یونیورسٹی میں فلٹر یشن پلانٹس بھی لگائے جائیں گے جس کیلئے حکومت یونیورسٹیز کو مکمل سپورٹ فراہم کر ے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات